کوئی بھی ہمارے ارادے کو آزمانے کی کوشش نہ کرے: آلتن

اس وقت ہماری سرحدوں پر ایک لاکھ مہاجرین بیٹھے ہیں اور سلامتی کے اعتبار سے ہمیں، مستقل گھمبیر ہوتے، خطرے  کا سامنا ہے: فخر الدین آلتن

1364485
کوئی بھی ہمارے ارادے کو آزمانے کی کوشش نہ کرے: آلتن

ترکی صدارتی دفتر شعبہ مواصلات کے سربراہ فخر الدین آلتن نے کہا ہے کہ شام میں روس کا اسد انتظامیہ کے ساتھ تعاون انسانی بحران کو مزید ابتری کی طرف لے جا رہا ہے۔

آلتن نے ٹویٹر سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے جمعہ کے دن روس کے صدر ولادی میر پوتن کے ساتھ ٹیلی فون پر ملاقات کی جس میں انہوں نے ادلب کے بارے میں اپنے اندیشوں کا اظہار کیا ہے۔

آلتن نے کہا ہے کہ شام میں انسانی بحران نہایت تکلیف دہ تو ہے ہی لیکن روس کا اسد انتظامیہ کے ساتھ تعاون اس صورتحال کو مزید ابتر بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت ہماری سرحدوں پر ایک لاکھ مہاجرین بیٹھے ہیں اور سلامتی کے اعتبار سے ہمیں، مستقل گھمبیر ہوتے، خطرے  کا سامنا ہے۔

سوچی میں روس کے ساتھ طے پانے والے سمجھوتے اور اس سمجھوتے کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی  کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے آلتن نے کہا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ سمجھوتے کے تمام فریق اپنی بات پر قائم رہیں گے اور علاقے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں کریں گے۔

فخر الدین آلتن نے کہا ہے کہ اس کے ساتھ ساتھ ہم کسی بھی خطرے کے مقابل اپنی فوجوں  کے تحفظ سے دریغ نہیں کریں گے لہٰذا کوئی بھی ہمارے  ارادے کو آزمانے کی کوشش نہ کرے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اسد انتظامیہ کے خوفناک اقدامات معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کا اور علاقے میں عدم استحکام پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں۔ ہمارا صبر بہت عرصے سے جواب دے گیا ہے ۔ اگرچہ ہمیں روس کے ساتھ تعاون پر اعتماد ہے لیکن اس کے باوجود ہم اپنی قومی سلامتی کے راستے تلاش کرنے میں کوتاہی نہیں کریں گے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ لاکھوں معصوم انسانوں کو گھر سے بے گھر کرنے  کا فعل کسی بھی حُجت سے جائز ثابت نہیں کیا جا سکتا۔



متعللقہ خبریں