دہشت گرد تنظیموں کے لئے استنبول اور لندن میں اور انقرہ اور برلن  میں کوئی فرق نہیں ہے

اگر تمام حکومتیں  اور پوری انسانیت باہم متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف  مشترکہ جدوجہد  نہیں کرتی  تو وہ تمام احتمال جنہیں اس وقت ہم خیال میں لانے تک سے ڈرتے ہیں ایک ایک کر کے حقیقت کا روپ  اختیار کر جائیں گے۔ صدر رجب طیب ایردوان

520409
دہشت گرد تنظیموں کے لئے استنبول اور لندن میں اور انقرہ اور برلن  میں کوئی فرق نہیں ہے

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں کے لئے استنبول اور لندن میں اور انقرہ اور برلن  میں کوئی فرق نہیں ہے، تمام حکومتوں کو دہشتگردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنے کی  ضرورت ہے۔

صدر ایردوان نے استنبول اتاترک ائیر پورٹ  پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے سے متعلق جاری کردہ بیان میں کہا  ہے کہ اس حملے نے دہشت گرد تنظیموں کے معصوم شہریوں  کو ہدف بنانے والے مکروہ چہرے کو ایک دفعہ پھر بے نقاب کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حملے  کا ہدف کوئی نتیجہ حاصل کرنا نہیں  بلکہ اس کا مقصد صرف اور صرف معصوم انسانوں کے خون اور تکلیف  کو آلہ کار بنا کر دنیا کو ترکی کے خلاف   ایک پروپیگنڈہ فراہم کرنا ہے۔

صدر ایردوان نے کہا کہ  ماہِ رمضان کے مبارک مہینے میں کیا گیا یہ حملہ اس بات کا  عکاس ہے کہ دہشت گردی  کا کوئی دین ایمان کوئی اخلاقی اقدار نہیں ہیں اور یہ کہ دہشت گردی کے حملوں میں  کسی قسم کا کوئی امتیاز روا نہیں رکھا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ ترکی نے اس وقت تک  دہشتگردی کے خلاف جدوجہد میں   بھاری بدل چُکائے ہیں  لیکن اس کے باوجود  ترکی ،دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کو آخر تک جاری رکھنے کی طاقت اور مزاحمت کے امکانات رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے کردار  کو نگاہ میں رکھا جائے تو اس بات کو سمجھنا نہایت آسان ہے کہ  آج جو بم استنبول میں پھٹے ہیں وہ  دنیا کے کسی بھی شہر  میں کسی بھی ائیر پورٹ پر پھٹ سکتے تھے۔

صدر ایردوان نے کہا کہ ہر ایک پر یہ بات واضح ہو جانی چاہیے کہ دہشتگرد تنظیموں کے لئے استنبول اور لندن میں، انقرہ اور برلن میں ، ازمیر اور شکاگو میں ، انطالیہ  اور روم میں کوئی بھی فرق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر تمام حکومتیں  اور پوری انسانیت باہم متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف  مشترکہ جدوجہد  نہیں کرتی  تو وہ تمام احتمال جنہیں اس وقت ہم خیال میں لانے تک سے ڈرتے ہیں ایک ایک کر کے حقیقت کا روپ  اختیار کر جائیں گے۔

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ آج اتاترک ائیر پورٹ پر ہونے والا حملہ  دہشتگردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد  کرنے کی ضرورت کا ادراک پیدا کرنے کے لئے مغربی ممالک سمیت پوری دنیا کے لئے  ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔



متعللقہ خبریں