انقرہ کیچی اورین میں شہدائے آرمی پبلک اسکول کی یاد میں پُروقار تقریب

اس پُر وقار تقریب میں کیچی اورین بلدیہ کے مئیر ترگت آلتن اوک  ، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید ، سفارخانہ  پاکستان کے سفارتکاروں اور  ستاف نے شرکت کی

2077240
انقرہ کیچی اورین میں شہدائے آرمی پبلک اسکول کی یاد میں پُروقار تقریب

ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کے علاقے کیچی اورین میں 2014ء  میں آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پشاور، پاکستان پر ہونے والے وحشیانہ دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے طلبا اور عملے کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس پُر وقار تقریب میں کیچی اورین بلدیہ کے مئیر ترگت آلتن اوک  ، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید ، سفارخانہ  پاکستان کے سفارتکاروں اور  ستاف نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیچی اورین بلدیہ کے مئیر ترگت  آلتن اوک نے آے پی ایس   دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے  پاکستان کے ساتھ مکمل  یکجہتی  کا اظہار کرتے ہوئے  ترک  عوام زندگی کے تمام پہلوؤں بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ ہونے سے آگاہ کیا۔

میئر نے ہندوستانی عدالت کے مسئلہِ کشمیر پر غیر منصفانہ فیصلے اور بھارت کے کشمیریوں پر ظلم کے خلاف مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کے لوگوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ترکیہ کی  مکمل حمایت  کی یقن دہانی  کروائی ۔

اس موقع پر  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان  ڈاکٹر یوسف جنید نے کہا کہ دہشت گردی میں اپنی  جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے بچوں کی یاد  کو اپنے دلوں میں زندہ رکھنے پر ترک بھائیوں کا تہہ دل سے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر موجود 144 درخت   دہشت گردی کے خلاف جنگ میں  پاکستان اور ترکیہ کے 30 کروڑ عوام کے پختہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں کیونکہ دونوں ممالک  دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک ہیں۔

بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر ِ پاکستان نے کہا کہ یہ فیصلہ دہشت گردی کی ایک اور شکل کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے۔

جموں و کشمیر کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کیا جانا  چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر بھارتی آئین اور بھارتی عدالتوں کی بالادستی قائم نہیں ہوسکتی  ہے۔

سفیرِ پاکستان ڈاکٹر یوسف جنید کشمیر پر اصولی موقف پر صدر ایردوان کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے جائز مقصد کے لیے اپنی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

بعد ازاں کیچی اورین بلدیہ کے مئیر ترگت آلتن اوک اور سفیر پاکستان ڈاکٹر یوسف جنید نے دیگر معززین کے ہمراہ اے پی ایس کے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

یہ درخت کیچی اورین بلدیہ اور جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے یوتھ ونگ کے اراکین نے سفارت خانہ پاکستان کے تعاون سے جنوری 2015 میں شہید بچوں کی یاد میں لگائے تھے۔

 



متعللقہ خبریں