غزہ کے الشفا ہسپتال کا محاصرہ،بےگوروکفن لاشیں سڑنے لگیں

فلسطینی امور صحت کے ترجمان اشرف القادرا کے مطابق ، ہسپتال میں ایک سو کے قریب لاشیں پڑی ہیں جنہیں  تدفین کے لیے کسی قبرستان لے جانا ممکن نہیں رہا اس لیے آج ان کی الشفاء ہسپتال کے اندر ہی اجتماعی قبر میں تدفین کی جائے گی

2064485
غزہ کے الشفا ہسپتال کا محاصرہ،بےگوروکفن لاشیں سڑنے لگیں

اسرائیلی فوج نے الشفاء ہسپتال  کو  پورا غزہ تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ گھیرے میں لے رکھا ہے  کیونکہ  اسے ابھی بھی خوف ہے کہ حماس کے جنگجو ہسپتال سے نکل کر حملہ کر دیں گے۔

 فلسطینی امور صحت کے ترجمان اشرف القادرا کے مطابق ، ہسپتال میں ایک سو کے قریب لاشیں پڑی ہیں جنہیں  تدفین کے لیے کسی قبرستان لے جانا ممکن نہیں رہا اس لیے آج ان کی الشفاء ہسپتال کے اندر ہی اجتماعی قبر میں تدفین کی جائے گی ۔

 انہوں نے بتایا کہ یہ بڑی خطرناک صورت حال ہے کہ ہمار پاس ریڈ کراس کے ادارے کی طرف سے کوئی تحفظ بھی نہیں ہےمگر اس کے بغیر کوئی اور  متبادل  بھی  نہیں ہے۔

 انہوں نے مزید کہا  کہ لاشیں کئی روز پرانی ہونے کی وجہ سے گلنا شروع ہو رہی ہیں  لہذا   ہسپتال میں اجتماعی قبر کی تیاری  ضروری ہے ۔

نو مولود بچے جنہیں ابھی انکیوبیٹرز'میں رکھنے کی ضرورت تھی، ان میں سے اب 36 باقی رہ گئے ہیں۔

ایندھن کے بغیر بجلی اور بجلی کے بغیر انکیو بیٹرزکیسے کام کر سکتے ہیں اب یہ بچے ایک ایک  بستر پر آٹھ آٹھ لٹا دیے گئے ہیں اور ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے کہ ان کے آس پاس درجہ حرارت کو کنٹرول رکھا جا سکے۔

دوسری جانب اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے ہسپتال کو محاصرے میں نہیں لے رکھا  ،اسرائیلی فوج جو ہسپتال سے جانا چاہے اسے جانے دیتی ہے تاہم طبی عملے کا کہنا ہے اسرائیلی  فوج کا یہ دعویٰ درست نہیں ہے کیونکہ  جو ہسپتال سے نکلے گا عین ممکن ہے کہ گولیوں کا نشانہ بن جائے۔

غزہ کے ہسپتالوں کے جنرل ڈائریکٹر محمد زکوت نے الجزیرہ ٹیلی ویژن کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ شفا ہسپتال پر اسرائیلی فوج کے چھاپے کے دوران ہسپتال کے اندر سے ایک بھی گولی نہیں چلی تھی اور اسرائیلی فوجیوں نے راہداری سے باہر آنے والوں پر گولی چلا دی ۔

انہوں نے کہا کہ قابض فوج کا خیال تھا کہ اس کے سپاہیوں کا شفا ہسپتال میں داخل ہونا اپنے لیے ایک فتح ہو گا، لیکن اسے مزاحمت کے وجود کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا۔

فلسطینی اہلکار نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے شفا اسپتال کی سرجیکل اور ایمرجنسی عمارتوں پر چھاپہ مارا، ایمرجنسی روم میں بھی داخل ہوئے اور اس وقت اسپتال کے تہہ خانے کی تلاشی لے رہے ہیں۔

زکوت نے کہا کہ انہوں نے ریڈ کراس کے وفد کو بتایا کہ قابض فوج نے شفا ہسپتال پر چھاپہ مارا ہے لیکن انہیں ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا۔

دوسری جانب فلسطینی ہلال احمر نے غزہ کی پٹی میں اس سے منسلک  القدس  اسپتال سے مریضوں اور طبی ٹیموں کو لازمی طور پر ہٹانے کا اعلان کیا ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسپتال کو خالی کرانے کا عمل 10 دن سے زائد عرصے تک اسرائیلی فوج  کی ناکہ بندی میں رہنے کے بعد عمل میں آیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ اسرائیلی فوج نے ناکہ بندی کے دوران اسپتال کو طبی سامان اور انسانی امداد کی فراہمی کو روکا۔

بیان میں کہا گیا کہ غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع اسپتالوں میں مریضوں کی علاج کے لیے منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔

 



متعللقہ خبریں