پوتن: غزّہ کی جھڑپیں فلسطینی شہریوں کے لئے آلام و مصائب کا سبب بن رہی ہیں

خونی جھڑپیں فلسطینی شہریوں کے لئے آلام و مصائب کا سبب بن رہی ہیں، دو حکومتی حل مسئلہ فلسطین۔اسرائیل کے جامع، طویل المدت اور منصفانہ حل  کے لئے بنیادی شرط ہے: پوتن

2070246
پوتن: غزّہ کی جھڑپیں فلسطینی شہریوں کے لئے آلام و مصائب کا سبب بن رہی ہیں
moskova filistin halkiyla dayanisma gunu.jpg
moskova filistin halkiyla dayanisma gunu.jpg

روس کے صدر ولادی میر پوتن نے کہا ہے کہ "غزّہ کی جھڑپیں فلسطینی شہریوں کے لئے آلام و مصائب کا سبب بن رہی ہیں"۔

" 29  نومبر فلسطینی عوام کے ساتھ بین الاقوامی  یومِ یکجہتی" کی مناسبت سے ماسکو میں فلسطین سفارت خانے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں مشرق وسطیٰ اور افریقی ممالک کے لئے صدر ولادی میر پوتن کے نمائندہ خصوصی میخائل بوگڈانوف ، ماسکو میں فلسطین کے سفیر عبدالحافظ نوفل، ماسکو میں ترکیہ کے سفیر تانجو بلگیچ اور سفارتی مشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔

فلسطینی شہریوں نے فلسطینی پرچموں کے ساتھ تقریب میں شرکت کی، غزّہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کی یاد میں سفارت خانے کے سامنے پھول رکھے ، شہداء کے لئے دعائیں کیں اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے۔

تقریب سے خطاب میں فلسطین کے سفیر عبدالحافظ نوفل نے فلسطین کے ساتھ تعاون پر تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور موقع کی مناسبت سے صدر محمود عباس کا جاری کردہ پیغام پڑھ کر سُنایا۔

روس کے صدر ولادی میر پوتن کی طرف سے صدر محمود عباس کو ارسال کردہ مراسلہ مشرق وسطیٰ اور افریقی ممالک کے لئے  پوتن کے نمائندہ خصوصی 'میخائل بوگڈانوف' نے پڑھ کر سنایا۔

مراسلے میں صدر پوتن نے فلسطین کی صورتحال کے بارے میں کہا ہے کہ "خونی جھڑپیں فلسطینی شہریوں کے لئے آلام و مصائب کا سبب بن رہی ہیں۔  ایسے وقت میں روس کی طرف سے 'مشرقی القدس  کے دارالحکومت والی اور 1967 کی حدود میں آزاد فلسطینی حکومت  کے  قیام  کے موقف کی تائید '   نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ دو حکومتی حل مسئلہ فلسطین۔اسرائیل کے جامع، طویل المدت اور منصفانہ حل  کے لئے بنیادی شرط ہے۔ مجھے یقین ہے کہ مشترکہ کوششیں روس اور فلسطین کے درمیان روایتی دوستانہ تعلقات  اور دو طرفہ مفاد  پر مبنی تعاون کو مزید وسعت عطا کریں گی"۔



متعللقہ خبریں