امریکہ: ٹرمپ نے صدارتی انتخابات کے لئے امیدواری کا باقاعدہ اعلان کر دیا

ایک طویل عرصے بعد میں پہلا صدر تھا جو اپنے دور کو جنگوں سے پاک رکھنے میں کامیاب رہا، میں اقتدار میں ہوتا تو یوکرین بحران کا سامنا نہ ہوتا: ٹرمپ

1906937
امریکہ: ٹرمپ نے صدارتی انتخابات کے لئے امیدواری کا باقاعدہ اعلان کر دیا

امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024 کے صدارتی انتخابات کے لئے امیدواری کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

ٹرمپ، ریاست فلوریڈا کے شہر پام بیچ  کے 'مارالاگو' مینشن میں  مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے کیمروں کے سامنے آئے۔

انہوں نے "امریکہ واپس پلٹ رہا ہے" کے الفاظ سے خطاب کا آغاز کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ دو سال قبل جب میرا اقتدار ختم ہوا تو امریکہ اپنے زرّیں دور کے لئے تیار حالت میں تھا۔ میرے دورِ اقتدار میں اقتصادیات  میں بے مثال بہتری آئی۔ چین، روس، ایران ا ور شمالی کوریا  امریکہ کا احترام کرتے تھے۔

ٹرمپ نے  دعوی کیا ہے کہ " ایک طویل عرصے بعد میں پہلا صدر تھا جو اپنے دور کو جنگوں سے پاک رکھنے میں کامیاب رہا۔ میرے دورِ  اقتدار میں دنیا میں امن و امان تھا۔ امریکہ ترقی کر رہا اور ایک شاندار مستقبل کی طرف بڑھ رہا تھا۔ اس کی وجہ وہ وعدے تھے جو میں نے عوام سے کئے اور دیگر صدور کے برعکس ان وعدوں کو پورا بھی کیا"۔

انہوں نے کہا ہے کہ "میرے دورِ اقتدار میں ہم ایک پُر شکوہ ملّت تھے اور یہ ایک ایسی بات ہے جو ہم نے ایک طویل عرصے سے نہیں سُنی تھی"۔

بائڈن دور پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ " بائڈن انتظامیہ کے دور میں امریکہ زوال کی طرف مائل ہو گیا ہے۔ لاکھوں امریکیوں کے لئے بائڈن انتظامیہ کے حالیہ دو سال تکلیف، مشکلات، اندیشوں اور ناامیدی سے بھرا ہوا دور ثابت ہوئے ہیں۔ امریکہ کو بے عزت کیا گیا، شرمندہ کیا گیا اور کمزور کر دیا گیا ہے"۔

ٹرمپ نے "اگر میں صدر ہوتا تو یوکرین بحران کا سامنا نہ ہوتا" کے الفاظ استعمال کئے اور بائڈن کی خارجہ پالیسی پر سخت تنقید کی ہے۔

انہوں نے اسمبلی میں ریپبلکنز  کے حاوی ہونے کی یاد دہانی کروائی اور کہا ہے کہ یہ امریکہ کے خواب کی حفاظت کا محض آغاز ہے۔ امریکہ کو دوبارہ سے عظیم اور پُر شکوہ بنانے کے لئے آج رات میں امریکی صدارت کے لئے اپنی امیدواری کا اعلان کر رہا ہوں"۔



متعللقہ خبریں