امریکی صدر نے کانگرس کی قرار داد کو ویٹو کر دیا

’کانگریس کو قراردادیں  منظور کرنے کی آزادی  حاصل ہے،  تا ہم حالات کے تقاضے کے مطابق  یہ میرا فرض ہے کہ میں اُسے ویٹو کروں

1164630
امریکی صدر نے کانگرس کی قرار داد کو ویٹو کر دیا

 

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نے امریکہ۔ میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے اعلان کا دفاع کرتے ہوئے کانگریس کے اقدام کے خلاف   پہلی بار ویٹو کا حق استعمال کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔ اس طریقے سے امریکی صدر نے اپنے قومی سلامتی کے اعلان کو تحفظ فراہم کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ  ’’کانگریس کو قراردادیں  منظور کرنے کی آزادی  حاصل ہے،  تا ہم حالات کے تقاضے کے مطابق  یہ میرا فرض ہے کہ میں اُسے ویٹو کروں‘‘۔

خصوصی حکم نامے پر دستخط کے وقت قانون کا نفاذ کرنے والے اہلکار اور ساتھ ہی اُن بچوں کے والدین بھی موجود تھے جنہیں امریکہ میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے والے جرائم پیشہ افراد نے ہلاک کیا تھا۔

ٹرمپ نے کانگریس کے اقدام کو ’’خطرناک‘‘ اور ’’ناعاقبت اندیشی‘‘ پر مبنی قرار دیا۔

یاد رہے کہ جمعرات کے روز کانگریس نے صدر ٹرمپ کے قومی ایمرجنسی کے اعلان کو باضابطہ طور پر مسترد کیا تھا، جس میں سرحد کی تعمیر کے لیے رقوم مختص کی گئی تھیں۔

یہ بات بھی توجہ طلب ہے کہ سینیٹ میں قرارداد کی منظوری کے لیے ڈیموکریٹس کا ساتھ بعض ریپبلیکنز نے بھی  دیا ۔

ٹرمپ کی جانب سے ویٹو کے استعمال کے بعد اب یہ معاملہ  دوبارہ  کانگریس  کو لوٹ آیا ہے، جہاں ویٹو  کو کالعدم قرار دیا جانا  نا ممکن دکھائی دیتا ہے کیونکہ صدر کے ویٹو کو مسترد کرنے کے لیے دونوں، ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں دو تہائی اکثریت لازمی ہے۔



متعللقہ خبریں