نواز شریف کی سعودی عرب میں امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کی توقع

سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان کے نمائندہ خصوصی اور سعودی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت ڈاکٹر عواد بن صالح نے منگل کو وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور اُنھیں سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی

729295
نواز شریف کی سعودی عرب میں  امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کی توقع

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف رواں ماہ کے اواخر میں سعودی عرب میں امریکہ، عرب اور اسلامک  سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یہ سربراہ اجلاس مئی کے اواخر میں سعودی دارالحکومت ریاض میں ہو گا، جس میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شرکت کریں گے۔

سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان کے نمائندہ خصوصی اور سعودی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت ڈاکٹر عواد بن صالح نے منگل کو وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور اُنھیں سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔

وزیراعظم نواز شریف 19 مئی کو سعودی عرب کے لئے روانہ ہوں گے ، جہاں ان کی متحدہ امریکہ  کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے پہلی باضابطہ ملاقات بھی متوقع ہے ۔

وزیراعظم نواز شریف سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی میزبانی میں امریکہ، عرب و اسلامی سربراہی اجلاس میں شریک ہوں گے ۔

 ذرائع کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے نے امریکی صدر اور وزیر اعظم نواز شریف کے درمیان ریاض میں دوطرفہ ملاقات کو یقینی بنانے کے لئے وائٹ ہاؤس اور اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کرلیا ہے جبکہ دفترخارجہ نے بھی یہاں امریکی سفارتخانے سے رابطہ کیا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی امریکہ، عرب و اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت بہت اہمیت کی حامل ہے ، اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کو امریکی صدر سے ملاقات اور انہیں مختلف علاقائی و بین الاقوامی امور پر پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کرنے کے علاوہ دو طرفہ معاملات پر تبادلہ خیال کا موقع بھی ملے گا ۔

 سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کانفرنس زیادہ تر بند کمرے میں ہوگی، سعودی عرب میں ٹرمپ کی شاہ سلمان کے علاوہ خلیجی ممالک کے رہنماؤں اور عرب و مسلم ممالک کی قیادت سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔



متعللقہ خبریں