فرانسیسی صدر کا دورہ امریکہ: تعاون پر زور

امریکہ کے صدر براک اوباما نے اپنے فرانسیسی ہم منصب فرانسواں اولاند کے ساتھ پیرس حملوں کے تناظر میں اظہار یک جہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ داعش جیسے گروپوں کے خلاف جنگ تیز کی جائے گی اور امریکہ دہشت گردی سے خوف زدہ نہیں ہوگا

422057
فرانسیسی صدر کا دورہ امریکہ: تعاون پر زور

امریکہ کے صدر براک اوباما نے اپنے فرانسیسی ہم منصب فرانسواں اولاند کے ساتھ پیرس حملوں کے تناظر میں اظہار یک جہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ داعش جیسے گروپوں کے خلاف جنگ تیز کی جائے گی اور امریکہ دہشت گردی سے خوف زدہ نہیں ہوگا۔
فرانسیسی صدر نے براک اوباما سے ملاقات میں داعش کے خلاف جنگ کو مربوط بنانے کےسلسلے میں تبادلہ خیال کیا ہے لیکن ان کی اس بات چیت سے پیشتر ترکی نے شام کے ساتھ سرحدی علاقے میں روس کا ایک لڑاکا طیارہ مارگرایا ہے جس سے شام میں داعش مخالف جنگ میں امریکا اور فرانس کے اتحادی ترکی اور روس کے درمیان نئی کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔
فرانسو اں اولاند امریکی صدر پر یہ زور دینے کے لیے واشنگٹن گئے تھے کہ وہ شام میں داعش کے خلاف جنگ میں روس کے ساتھ تعاون کریں لیکن امریکی عہدے دار روسی صدر پوٹین کے شامی صدر بشارالاسد سے متعلق مؤقف اور شام میں ارادوں کے بارے میں اپنے شکوک کا اظہار کرچکے ہیں۔روس شامی صدر کا سب سے بڑا حامی ہے جبکہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کا یہ مؤقف ہے کہ بشارالاسد کو بحران کے حل کے لیے اقتدار سے الگ ہوجانا چاہیے۔
گزشتہ ہفتے فرانسیسی صدر نے امریکہ اور روس پر زور دیا تھا کہ وہ شام کے معاملے میں اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ دیں اور دہشت گردوں کی اس فوج کے خلاف ایک وسیع تر اور واحد اتحاد کی شکل میں جنگ لڑیں۔ وہ امریکہ کے بعد روس کے دورے پر روانہ ہونے والے ہیں جہاں وہ صدر ولادیمیر پوٹین سے ملاقات میں داعش کے خلاف جنگ پر تبادلہ خیال کریں گے۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں