شام ڈونر کانفرنس:امیر ممالک کے امداد کے وعدے

شام میں خانہ جنگی سے متاثر عوام اور مہاجرین کی امداد کے لیے امریکہ اور دنیا کے دیگر امیر ملکوں نے مزید کئی ارب ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے

427593
شام ڈونر کانفرنس:امیر ممالک کے امداد کے وعدے

شام میں خانہ جنگی سے متاثر عوام اور مہاجرین کی امداد کے لیے امریکہ اور دنیا کے دیگر امیر ملکوں نے مزید کئی ارب ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ روزلندن میں ہونے والی بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس میں شریک عالمی رہنماؤں نے شام کے بحران سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے عالمی امدادی اداروں کو مزید رقم فراہم کرنے کے وعدے کیے۔

برطانیہ، ناروے اور جرمنی کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والی کانفرنس کے دوران برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون اور ان کی نارویجئن ہم منصب ارنا سالبرگ نے سن 2020 تک شام کے بحران سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے بالترتیب 76ء1 اور 17ء1 ارب ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

جرمن چانسلر انگیلا مرکل نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک شامی مہاجرین کی امداد کے لیے سن 2018 تک 57ء2 ارب ڈالر فراہم کرے گا۔

کانفرنس سے خطاب میں امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے اعلان کیا کہ اوباما انتظامیہ نے رواں مالی سال کے دوران شامی مہاجرین کی امداد کے لیے 89 کروڑ ڈالرمختص کیے ہیں۔

یاد رہے کہ اقوامِ متحدہ کی زیرِ نگرانی کام کرنے والے امدادی اداروں نے رواں سال شامی بحران کے متاثرین کی امداد کے لیے عالمی برادری سے 73ء7 ارب ڈالر فراہم کرنے کی اپیل کر رکھی ہے۔



متعللقہ خبریں