انصاف کے نام نہادعلمبردار ممالک فاشزم کی علامت بن چکے ہیں: ایردوان

ایردوان نے کہا کہ وہ ممالک جو خود  کو  انصاف  کی عالمی آواز کے  طور پر   پیش کرتے ہیں وہ اچانک  اس وقت فاشزم کی طرف مائل ہو جاتے ہیں جب اسرائیل کے مفادات داؤ پر لگ  جاتے ہوں

2138601
انصاف کے نام نہادعلمبردار ممالک فاشزم کی علامت بن چکے ہیں: ایردوان

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا  ہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں انسانی تاریخ کا سب سے وحشیانہ قتل عام ہو رہا ہے۔

صدر ایردوان نے استنبول میں منعقدہ عالمی  مشاورتی اجلاس برائے  مفکرین اسلام کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کیا۔

ایردوان نے کہا کہ وہ ممالک جو خود  کو  انصاف  کی عالمی آواز کے  طور پر   پیش کرتے ہیں وہ اچانک  اس وقت فاشزم کی طرف مائل ہو جاتے ہیں جب اسرائیل کے مفادات داؤ پر لگ  جاتے ہوں۔

 صدر نے کہا کہ ہم اپنے ملک کے ہسپتالوں میں 400 سے زیادہ غزہ کے مریضوں اور زخمیوں کا علاج کر رہے ہیں جن میں کینسر کے مریض بھی شامل ہیں ، باضمیر ممالک اور معاشروں کے علاوہ، عالمی نظام کے آقاؤں سے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کی توقع رکھنا بالکل فضول ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ یہود دشمنی کی لاٹھی سے ہر باضمیر آواز کو خاموش کر دے۔

ایردوان نے نشاندہی کی کہ 7 اکتوبر کو غزہ پر اسرائیلی حملے شروع ہونے کے بعد سے انسانی تاریخ کا سب سے وحشیانہ قتل عام ہوا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اسرائیل بے گناہوں کا خون بہا رہا ہے، 15 ہزار بچوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا، 35 ہزار فلسطینی بھائی بہن  شہید ہوئے، 20 لاکھ لوگ اپنے گھروں سے نقل مکانی پر مجبور ہوئے، غزہ جو کہ 7 اکتوبر سے پہلے ہی ایک کھلی جیل تھی،گزشتہ 219 دنوں سے ایک قتل گاہ میں تبدیل ہو چکا ہےجس کی مثال ہم نے صرف ہٹلر کے جرمنی میں دیکھی ہے

ایردوان نے کہا کہ تمام ممالک کو فلسطینی ریاست کو جلد از جلد تسلیم کرنے کی دعوت دیتے ہیں ، حماس نے غزہ میں مستقل جنگ بندی کے راستے پر ایک انتہائی اہم قدم اٹھایا  مگرنیتن یاہو انتظامیہ  نے جواب کے طور  پر  رفح میں بے گناہوں پر حملہ شرو ع کر دیا  ہے  ۔

ایردوان نے  اپنے بیان میں  افغانستان کے صوبہ بغلان میں سیلاب میں  جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعقائے مغفرت کی اور کہا کہ  میں افغان عوام کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔

 یاد رہے کہ بغلان میں پیش آنے والی تباہی میں 300 سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھےہیں ۔

 



متعللقہ خبریں