عفرین میں دہشت گرد حملے پر ترک سربراہان کے مذمتی اعلانات

دہشت گرد تنظیم سے تعاون کرنے والے اور اس واقع پر خاموشی کو ترجیح دینے والے  ہر کس کا ہاتھ معصوم بچوں کے خون میں رنگے ہوئے ہیں

1407750
عفرین میں دہشت گرد حملے پر ترک سربراہان کے مذمتی اعلانات

نائب صدر فواد اوکتائے  کا کہنا ہے کہ کل شامی علاقے عفرین میں پیش آنے والے مذموم حملے کی ہم لعنت و ملامت کرتے ہیں اور اس گھناؤنے فعل  کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

اوکتائے نے ٹویٹر پر  دہشت گرد تنظیم پی کے کے/وائے پی جی  کے تحصیل عفرین میں ایک پیٹرل ٹینکر کے ذریعے کیے گئے حملے پر رد عمل کا مظاہرہ کیا ۔

انہوں نے لکھا ہے کہ’’مقدس ماہ رمضان میں عفرین میں کیے گئے اس مذموم حملے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ اس واقع میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی فی الفور شفایابی کے دعا گو ہیں۔  دہشت گرد تنظیم سے تعاون کرنے والے اور اس واقع پر خاموشی کو ترجیح دینے والے  ہر کس کا ہاتھ معصوم بچوں کے خون میں رنگے ہوئے ہیں۔ ‘‘

ترک اسپیکرِ اسمبلی مصطفیٰ شن توپ  نے بھی اس دہشت گرد حملے پر رد ِ عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں دین و ایمان سے عاری دہشت گرد تنظیم پر لعنت و ملامت بھیجتا ہوں۔‘‘

ان  کا کہنا ہے کہ دہشت گرد تنظیم پی کے کے نے ماہ رمضان کی پرواہ کیے بغیر معصوم انسانوں کا خون بہایا ہے۔

وزیرِ خارجہ میولود چاوش اولو نے اس حملے کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ’’دہشت گرد تنظیم کی پشت پناہی کرنے والے اور اسے دہشت گردوں کی فہرست سے خارج کرنے کی کوشش کرنے والے  تمام تر فریق اس مذموم حملے  کے ذمہ دار ہیں۔‘‘

دفترِ دفاع کی جانب سے کل جاری کردہ اعلامیہ  میں کہا گیا تھا کہ وائے پی جی / پی کے کے   عفرین کے گنجان آباد علاقے میں دہشت گرد حملے میں 11  بچوں سمیت 40 افراد ہلاک جبکہ 47 زخمی ہو گئے  ہیں۔



متعللقہ خبریں