ترکی سے حساب مانگنے کا کسی کو کوئی حق حاصل نہیں ہے

اگر یورپی یونین سمجھوتے کی رُو سے ماہِ جون میں ویزے کی معافی کو نافذ العمل نہیں کرتی ترکی بھی اپنی طرف سے کروائی گئی یقین دہانیوں کا پابند نہیں رہے گا۔ وزیر اعظم احمد داود اولو

473616
ترکی سے حساب مانگنے کا کسی کو کوئی حق حاصل نہیں ہے

ترکی کے وزیر اعظم احمد داود اولو نے کہا ہے کہ اگر یورپی یونین سمجھوتے کی رُو سے ماہِ جون میں ویزے کی معافی کو نافذ العمل نہیں کرتی ترکی بھی اپنی طرف سے کروائی گئی یقین دہانیوں کا پابند نہیں رہے گا۔

داود اولو نے فرانس کے شہر سٹراس برگ روانگی سے قبل انقرہ ایسن بوا ائیر پورٹ پر پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔

اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے داود اولو نے کہا کہ جن دنوں ترکی یورپی کونسل وزراء کمیٹی کا ٹرم چئیر مین تھا ان دنوں وزیر خارجہ کی حیثیت سے میں نے جنرل کمیٹی کو متعدد دفعہ یاد دہانی کروائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میرا آج کا خطاب ایک خصوصی معنی رکھتا ہے کیوں کہ مجھے جنرل کمیٹی سے ترکی زبان میں خطاب کرنے والے پہلے وزیر اعظم کا فخر حاصل ہو گا۔

داود اولو نے کہا کہ ترکی جن تنظیموں کے بانی اراکین میں شامل ہے ان میں سے ایک یورپی کونسل ہے جس میں سیاسی حیثیت سے ترکی کا پلڑا بتدریج بھاری ہو رہا ہے اور یورپ کے اندر ترکی کی حیثیت مستقل مضبوط ہو رہی ہے۔

ایک اخباری نمائندے نے ایک جرمن روزنامے کی اس خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہ "یورپی یونین ترکی کے لئے ویزے کی معافی کو ایک متوقع شق کے ساتھ محدود کرنا چاہتی ہے" سوال کیا کہ "یورپی یونین کی طرف سے بعض وعدے کئے گئے ہیں ، اگر ان وعدوں پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا تو ترکی کا طرز عمل کیا ہو گا؟"

سوال کے جواب میں وزیر اعظم داود اولو نے کہا کہ "میں اس یقین پر قائم ہوں کہ ماہِ جون میں ویزے کی معافی کا اطلاق ہو جائے گا لیکن اگر ایسا نہیں ہوتا تو لامحالہ کسی کو ترکی سے اپنی یقین دہانیوں پر قائم رہنے کی توقع نہیں ہو گی"۔

وزیر اعظم داود اولو سے کریملین انٹرنیٹ سے شائع ہونے والی اور اوباما۔پوٹن ملاقات میں ترکی۔شام سرحد کو بند کرنے کا موضوع یجنڈے پر آنے سے متعلق خبر کے بارے میں بھی سوال کیا گیا ۔

سوال کے جواب میں داود اولو نے کہا کہ ترکی کی سرحدوں کے بارے میں آخری فیصلہ صرف ترکی کر سکتا ہے لہٰذا بند کمروں کی ملاقاتوں میں اس موضوع پر کسی بھی ملک کا رائے دینا کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔

انہوں نے کہا کہ ترکی جن شامی مہاجرین کو مہمان بنائے ہوئے ہے انہیں دیکھتے ہوئے دنیا صرف ترکی کا شکریہ ادا کر سکتی ہے ترکی سے حساب مانگنے کا کسی کو کوئی حق حاصل نہیں ہے۔

وزیر اعظم داود اولو نے کہا کہ ضلع کیلیس میں گرنے والے راکٹوں کے جواب میں جنرل اسٹاف ہیڈ کوارٹر نے تمام ضروری تدابیر اختیار کر لی ہیں اور اب کے بعد بھی ان تدابیر کو پوری سرحد پر جاری رکھا جائے گا۔



متعللقہ خبریں