سانحہ پشاور کی تیسری برسی پر وزیر اعظم کا خصوصی پیغام

شاہد خاقان عباسی: پاکستانی اقوامِ عالم میں وہ واحد قوم ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی ہے

869572
سانحہ پشاور کی تیسری برسی پر وزیر اعظم کا خصوصی پیغام

وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے سانحہ اے پی ایس کی برسی کے موقع پر ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

 انہوں نے پیغام میں کہا ہے کہ 16 دسمبر 2014 کا دن ملکی تاریخ میں سیاہ یوم کے طور پر یاد رکھا جائے گا، بربریت اور سفاکیت   کرنے والے دہشت گردوں نے  آرمی پبلک اسکول پشا ورمیں معصوم بچوں کو نشانہ بنایا گیا، حصولِ تعلیم کے لیے جانے والے معصوم جب واپس لوٹے تو اْن میں سے بہت ساروں نے شہادت کی قبا اوڑھ رکھی تھی، طلبا کی ایک بڑی تعداد زخموں سے چور اور ان کے ذہنوں میں بزدل دشمن کی سفاکیت کے نقوش ثبت تھے۔ آج ان معصوموں کا خون رنگ لے آیا ہے اور آج پاکستانی اقوامِ عالم میں وہ واحد قوم ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی ہے۔

وزیر اعظم خاقان عباسی کا  کہنا  ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم نے جو قربانیاں دی ہیں  وہ شاید ہی کسی دوسری قوم نے دی ہوں، شہیدوں کی دِن رات محنت اور قربانیوں کی بدولت آج پاکستان میں دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے،سانحہ اے پی ایس نے پاکستانی قوم میں دہشت گردی کے خلاف تاریخ ساز وحدت کو جنم دیا جب کہ اس دل سوز واقع سے پوری قوم نے دہشت  گردی کے   خلاف فیصلہ کن معرکہ لڑنے کا مصمم ارادہ   کیا۔

دوسری جانب مظفرآباد میں پتربند منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان  نے کہا کہ"ہم سازشوں سے خوفزدہ نہیں، اللہ اور عوام کی رضامندی کے بعد مسلم لیگ (ن) برسرِ اقتدار آئی اور 15 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد دوبارہ اقتدار سنبھالے گی"۔

انہوں نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات کی بازگشت پر کان نہ دھرے جائیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی مدت مکمل کرنے تک نئے منصوبوں کا افتتاح کرتی رہی گی اور جو لوگ ہم سے  مقابلہ کرنے کے  خواہاں  مند ہیں وہ 15 جولائی 2018 کے انتخابی اکھاڑے میں آجائیں۔

وزیر اعظم نے  یہ بھی دعویٰ کیا  ہے کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں خود کفیل ہوگیا ہے اور طلب سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔زیرِ تکمیل اور مکمل شدہ منصوبے 2030 تک پاکستان میں بجلی کی ضرورت پوری کر سکیں گے۔

 



متعللقہ خبریں