نواز شریف وطن واپس پہنچ گئے، کل احتساب عدالت میں پیش ہونگے

نوازشریف کے استقبال کیلئے ایر پورٹ پر وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔ نوازشریف لندن سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 786 کے ذریعے اسلام آباد پہنچے

813318
نواز شریف وطن واپس پہنچ گئے، کل احتساب عدالت میں پیش ہونگے

 سابق وزیراعظم نوازشریف وطن واپس پہنچ گئے۔ کل احتساب عدالت میں پیش ہوں گے، نوازشریف کے استقبال کیلئے ایر پورٹ پر وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔ نوازشریف لندن سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 786 کے ذریعے اسلام آباد پہنچے،اس موقع سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف ایئر پورٹ سے پنجاب ہاؤس پہنچے، جہاں انہون نے مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنماؤں اور قانونی ماہرین سے ملاقاتیں کیں، ان ملاقاتوں میں انہوں نے موجودہ سیاسی صورت حال اور منگل کے روز احتساب عدالت میں پیشی کے حوالے سے مشاورت کی، اس کے علاوہ احتساب ریفرینسز کے حوالے سے تمام قانونی اور آئینی پہلوؤں پر بھی غورکیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے اجلاس میں سینیٹ سے منظور آئینی ترمیم کے بعد پارٹی صدارت کا معاملہ بھی زیرغورآئے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کا فیصلہ لندن میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا گیا، اس دوران کچھ پارٹی رہنماؤں نے نواز شریف کو نیب عدالت میں پیش نہ ہونے کا مشورہ دیا تا ہم اس کے باوجود انہوں نے پیش ہونے کا فیصلہ کیا۔ اس سے قبل نواز شریف اور شہباز شریف کی ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں مسلم لیگ (ن) کے سیاسی مستقبل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

وطن روانگی سے قبل ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میں اہلیہ کی تیمارداری کے لیے لندن آیا تھا، یہیں ڈیرہ ڈالنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، ہم نے کوئی نا تو کوئی کرپشن کی ہے اور نا ہی سرکاری خزانے کا پیسا کھایا ہے، ریفرنس قومی خزانہ لوٹنے پر بنتا یا سرکاری ٹھیکے میں پیسا کمانے پر ہوتا تو کوئی بات بھی بنتی تھی لیکن یہ کس قسم کا احتساب ہے کہ بات پاناما کی تھی تو سزا اقامہ پر ہو گئی۔

ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ نواز شریف اسلام آباد پہنچنے پر بھرپور قانونی جنگ لڑیں گے۔ نوازشر یف کی وطن واپسی کے فیصلے پر (ن) لیگ کے کارکنوں نے خوشی کا اظہار کیا اور جشن منایا۔



متعللقہ خبریں