میری نااہلی کا کامنصوبہ پہلے سے بنا لیا گیا تھا: سابق وزیراعظم نواز شریف

گوجرانوالہ میں پارٹی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم عدالت عظمیٰ میں جو بھی کرلیتے میری نااہلی کے منصوبے پر عملدرآمد ہونا ہی تھا کیوں کہ یہ منصوبہ بہت پہلے بنایا گیا تھا بیٹے سے تنخواہ نہ لینا جرم ہے تو لینا بھی جرم ہی ٹھہرتا

788653
میری نااہلی کا کامنصوبہ پہلے سے بنا لیا گیا تھا: سابق وزیراعظم  نواز شریف

سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ میری نااہلی کا کامنصوبہ پہلے سے بنا لیا گیا تھا ہم عدالت عظمیٰ میں جو بھی کرلیتے اس منصوبے پر عمل ہونا ہی تھا۔

گوجرانوالہ میں پارٹی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم عدالت عظمیٰ میں جو بھی کرلیتے میری نااہلی کے منصوبے پر عملدرآمد ہونا ہی تھا کیوں کہ یہ منصوبہ بہت پہلے بنایا گیا تھا بیٹے سے تنخواہ نہ لینا جرم ہے تو لینا بھی جرم ہی ٹھہرتا۔

نوازشریف نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججز نے ہمارے ساتھ انصاف نہیں کیا، اگر پاناما کیس عالمی عدالت انصاف میں جائے تو وہ اسے ایسے رد کریں گے جیسے گوجرانوالہ کے عوام نے رد کیا اور ایک منٹ میں ہی کیس ختم ہوجائے گا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں عوام کی خدمت کرنا چاہتا تھا لیکن مجھے ایک بار پھر روک دیا گیا، پاکستان میں گزشتہ 70 برس سے ووٹ کی قدر نہیں کی گئی لیکن اب وقت آگیا ہے کہ عوام خود اپنے ووٹ کی قدر کرائے۔

دوسری جانب لاہور میں شاہدرہ چوک اور داتا دربار کے مقامات پر لیگی کارکنان کی جانب سے اپنے قائد کے شاندار استقبال کی تیاریاں جاری ہیں۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا قافلہ شام 6 بجے تک لاہور پہنچ جائے گا۔

شاہدرہ چوک میں نواز شریف کے خطاب کے لیے اسٹیج سجایا جاچکا ہے جبکہ ایل سی ڈی اسکرینز اور فلڈ لائٹس بھی نصب کردی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ جی ٹی روڈ ریلی کے ابتدائی تین دنوں کی نسبت ریلی کے آخری روز عوام کی بڑی تعداد ن لیگ کے قائد کے ہمراہ ہے۔

لاہور کی سڑکیں بند کی جاچکی ہیں اور ٹریفک صرف ایک سمت میں رواں ہے، کاروباری مراکز اور دکانیں بھی آج کے روز بند رہیں گی۔

لاہور میں سیکیورٹی کی صورتحال یقینی بنانے کے لیے 8 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ 2 ہزار ٹریفک پولیس اہلکار ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے موجود ہیں۔



متعللقہ خبریں