نواز شریف کی پالسیوں کو جاری رکھا جائے گا : وزیراعظم حاقان عباسی

وزیراعظم حاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کی پالیسیوں کو برقرار رکھا جائے گا ۔، کابینہ پر مشاورت ہوئی ہے، آئندہ ایک دو روز میں کابینہ حلف اٹھا لے گی، کابینہ کی حلف برداری کے بعد نواز شریف لاہور جائیں گے

782768
نواز شریف کی پالسیوں کو جاری رکھا جائے گا : وزیراعظم حاقان عباسی

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جمہوری تسلسل کو چار دن میں بھاری اکثریت سے بحال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کو برقرار رکھا جائے گا ۔، کابینہ پر مشاورت ہوئی ہے، آئندہ ایک دو روز میں کابینہ حلف اٹھا لے گی، کابینہ کی حلف برداری کے بعد نواز شریف لاہور جائیں گے۔

 بدھ کو مری میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، مشاہد اﷲ خان اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ کابینہ کی تشکیل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا ہے، آئندہ ایک دو روز میں کابینہ حلف اٹھا لے گی۔

 انہوں نے کہا کہ  دنیا کو بتا سکتے ہیں کہ وزیراعظم بدل سکتا ہے لیکن پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہے گا۔ انہوں نے چوہدری نثار علی خان کے کابینہ میں شامل ہونے کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس حوالہ سے مشاورت جاری ہے، محمد نواز شریف سے بھی نئی کابینہ سے متعلق مشاورت ہوئی ہے۔ انہوں نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے لاہور جانے کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کابینہ کی تشکیل کے مرحلہ کے بعد ہی نواز شریف لاہور جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی خالی ہونے والی نشست پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے پہلے کی طرح اپنے حلقہ میں جانے کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آپ کو معلوم ہے کہ ہمیشہ میرا اپنے حلقہ سے قریبی رابطہ رہتا ہے تاہم موجودہ حیثیت میں سیکورٹی کا تقاضا ہے، یہ کوئی پروٹوکول کا معاملہ نہیں ہے۔

دریں اثنا نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر شاندار استقبال کیا گیا، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور سلامی دی، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا، اس موقع پر قومی ترانہ بجایا گیا، شاہد خاقان عباسی یکم اگست کو قومی اسمبلی سے 221 ووٹ حاصل کر کے وزیراعظم منتخب ہوئے۔

 واضح رہے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔



متعللقہ خبریں