افغان فورسز کو نقصان پہنچا کر ہمیں خوشی نہیں ہوئی، وہ ہمارے مسلمان بھائی ہیں: میجر جنرل ندیم احمد

افغانستان میں بھارت منفی پروپیگنڈہ کر رہا ہے تاہم افغانستان کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ سرحدی علاقے میں جنگ پاکستان اور افغانستان دونوں  میں سے کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے۔ میجر جنرل ندیم احمد

727269
افغان فورسز کو نقصان پہنچا کر ہمیں خوشی نہیں ہوئی، وہ ہمارے مسلمان بھائی ہیں: میجر جنرل ندیم احمد

پاکستان  کے آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد نے کہا ہے کہ افغانستان کے علاقے میں چار سے پانچ پوسٹیں تباہ کی گئی ہیں  جس میں افغان فورسز کے 50 سے زائد افراد مارے گئے ہیں اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

میجر جنرل ندیم احمد نے کہا ہے کہ افغان فورسز کو نقصان پہنچا کر ہمیں خوشی نہیں ہوئی،  وہ ہمارے مسلمان بھائی ہیں۔

آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد نے چمن میں افغان فورسز کی طرف سے اشتعال انگیزی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے اہلکاروں نے مردم شماری میں رکاوٹ ڈالی  ہے۔

انہوں نے کہا کہ کلی لقمان اور کلی جہانگیر میں 4 دن سے مردم شماری کا عمل جاری تھا۔ افغان فورسز نے پاکستانی علاقے میں گھُس  کر گھروں پر قبضے کئے اور پوزیشن سنبھال لی۔

میجر جنرل ندیم احمد نے کہا کہ 5 مئی کی صبح کو ہم نے افغان فورسز سے اپنے علاقوں کا کنٹرول حاصل کر لیا جس کے بعد افغان حکومت نے جنگ بندی کی درخواست کی ۔

انہوں نے کہا کہ شہری آبادی کو نقصان سے بچانے کے لئے بھاری اسلحے کا استعمال نہیں کیا گیا اور پاکستانی آبادی پر فائرنگ کرنے والی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ  ہم کسی کو سرحد پار کر کے ہمارے علاقے میں آنے کی اجازت نہیں دیں گے۔پاکستان کے بین الاقوامی بارڈر پر بحث نہیں ہو سکتی اور اس موضوع پر کوئی خلاف ورزی قبول نہیں کی جائے گی۔

میجر جنرل ندیم احمد نے کہا کہ ہم اپنی علاقائی سالمیت کو ہر صورت میں یقینی بنائیں گے ۔ افغانستان میں بھارت منفی پروپیگنڈہ کر رہا ہے تاہم افغانستان کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ سرحدی علاقے میں جنگ پاکستان اور افغانستان دونوں  میں سے کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے۔



متعللقہ خبریں