ایران کیساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں : ممنون حسین

صدر ممنون حسین نے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سے نا صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں امن قائم ہوگا

459051
ایران کیساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں : ممنون حسین

صدر ممنون حسین نے یقین ظاہر کیا ہے کہ ایران پر بین الاقوامی پابندیوں کے خاتمے سے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے یہ بات ہفتہ کے روز اسلام آباد میں ایرانی صدر حسن روحانی کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز ، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، ماحولیاتی تبدیلی کے وزیر زاہد حامد اور دیگر اعلیٰ شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔
صدر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کیلئے کوششیں کی جانی چاہئیں۔
صدر ممنون حسین نے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سے نا صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں امن قائم ہوگا۔
صدر نے کہا کہ بھارت کے ساتھ روابط بہتر بنانے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور دیگر معاملات حل کرنے کا بہترین راستہ دیرپا اور بلاتعطل مذاکرات ہیں۔
صدر نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن ضروری ہے اور پاکستان افغانستان میں مفاہمت کے سلسلے میں ہر ممکن کوشش کررہا ہے۔
ایرانی صدر حسن روحانی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اس کی مدد اور اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے پاکستان میں موجودگی پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ملکوں کو ایک دوسرے سے ہر شعبے میں تعاون کرنا چاہئے۔
ایرانی صدر نے شاعر مشرق علامہ اقبال کو زبردست خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
اقبال کے فلسفے میں ایرانی صدر کی گہری دلچسپی پر صدر ممنون حسین نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ اقبال اقوام عالم کے شاعر تھے جنہوں نے ادبی شعبے میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔
صدر نے کہا کہ پاکستان میں شیخ سعدی شیرازی کی حکایات گہری دلچسپی سے پڑھی جاتی ہیں اور ان کی کتب بعض مذہبی مدارس کے نصاب میں بھی شامل کی گئی ہیں۔
اس سے پہلے صدر ممنون حسین نے حسن روحانی کو ایوان صدر آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔



متعللقہ خبریں