مصطفی کمال کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

مصطفیٰ کمال نے اپنی نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی جماعت کے پرچم کی رونمائی کی۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور دیگر پارٹی رہنماؤں کیخلاف سنگین الزامات عائد کئے

444235
مصطفی کمال کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

کراچی میں اپنے ساتھی انیس قائمخانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران مصطفیٰ کمال نے اپنی نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی جماعت کے پرچم کی رونمائی کی۔

انہوں نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور دیگر پارٹی رہنماؤں کیخلاف سنگین الزامات عائد کئے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کراچی کے عوام کی بھلائی کیلئے کچھ نہیں کیا۔
ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے اپنی پریس کانفرنس میں تمام الزامات کو مسترد کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کا کوئی نام نہیں، پاکستان کا قومی پرچم ہی ہماری جماعت کا جھنڈا ہے، ہماری جماعت کی فلاسفی یہ ہوگی کہ جو بھی اس پرچم کا ماننے والا ہوگا وہ ہمارا ہے اور کوشش ہو گی کہ جو اس جھنڈے کو نہیں مان رہے وہ بھی اس جھنڈے کو مانیں۔ اپنا پارٹی منشور دیتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ملک میں صدارتی نظام حکومت، مضبوط بلدیاتی نظام اور نئے صوبوں کا قیام چاہتے ہیں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کا نام نہیں اس کا کام اہمیت رکھتا ہے، اگر ملک میں اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے آتے تو آفاق احمد اور عامر خان کے ساتھ کا سوچتے لیکن ہم دونوں نے ہی اپنی جان پر کھیلتے ہوئے ملک میں واپس آنے کا فیصلہ کیا، ہم چاہتے ہیں کہ اس ملک میں سب سے پہلے شفاف بلدیاتی نظام رائج ہو جب کہ موجودہ بلدیاتی نظام مکمل فراڈ ہے، جب اٹھارویں ترمیم آئی تو کہا گیا کہ یہ ترمیم پاس ہوگئی تو شہد کی نہریں بہہ جائیں گی لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا کیونکہ گلی محلوں تک اختیارات نہیں گئے۔ اگر ملک میں نئے صوبے بنائے جائیں تو ان کا قیام بھی سودمند ثابت ہوگا۔



متعللقہ خبریں