اقتصادی راہداری سے خطے میں خوشحالی آئیگی: نواز شریف

انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے قوانین اور قواعد وضوابط کو آسان بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے پاکستانی تارکین وطن کو پیش کش کی کہ وہ اپنے ملک کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں

431198
اقتصادی راہداری سے خطے میں خوشحالی آئیگی: نواز شریف

پاکستان کے وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران قومی معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے اور مزید بہتری کی گنجائش پیدا کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا روشن مستقبل یقینی بنانے کیلئے حکومت ہر ممکنہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہا ر جمعرات کی سہ پہر دوحہ میں پاکستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے قوانین اور قواعد وضوابط کو آسان بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے پاکستانی تارکین وطن کو پیش کش کی کہ وہ اپنے ملک کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔


قطر کی قیادت کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے بارے میں وزیراعظم نے کہاکہ انہیں پاکستانی تارکین وطن کی دیانتداری اورعزم کے بارے میں مثبت رائے ملنے پر بہت فخر ہے۔ انہوں نے کہاکہ قطر کے ساتھ اہم ترین ایل این جی معاہدے سے پاکستان کوبجلی کی پیداوار کھادوں کی پیداوار میں اضافے اور گیس کی مقامی ضروریات کوپورا کرنے میں مدد ملے گی۔


وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور قطر کے درمیان رواں سال تجارتی حجم تیس کروڑ ڈالر سے ایک ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ قطر کی قیادت نے اپنے ملک کی ترقی میں پاکستانی برادری کے کردار کا اعتراف کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری سے پاکستان سمیت پورے خطے میں خوشحالی آئے گی۔ ریلوے کے نیٹ ورک کو اپ گریڈ کیاجارہا ہے جبکہ سی پی ای سی کے تحت جدید ترین گوادر پورٹ اور ہوائی اڈہ بھی تعمیر کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا اور اس کو قطر ائرویز کے معیار پر لانے کی کوششیں کی جائیںگی۔

انہوں نے کہاکہ حکومت موٹر ویز کے جال کو بھی توسیع دے رہی ہے اور لاہور کراچی موٹر وے پرکام شروع کردیاگیا ہے۔ وزیراعظم نے سیکورٹی کے بارے میں کہاکہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں مجموعی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا۔



متعللقہ خبریں