صدرممنون حسین کوئی سیاسی عزائم نہیں رکھتے ہیں: ایوانِ صدر

اسلام آباد میں ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر ممنون حسین کے کوئی سیاسی عزائم نہیں ہیں اور وہ بڑی غیر جانبداری سے اپنے فرائض ادا کررہے ہیں

353509
صدرممنون حسین کوئی سیاسی عزائم نہیں رکھتے ہیں: ایوانِ صدر

اسلام آباد میں ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر ممنون حسین کے کوئی سیاسی عزائم نہیں ہیں اور وہ بڑی غیر جانبداری سے اپنے فرائض ادا کررہے ہیں۔
ایوانِ صدر نے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے صدر ممنون حسین کےا یک ’سیاسی اجلاس‘ میں شرکت کا الزام مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ صدر نے ذاتی حیثیت میں پیر کو پی ایم ایل-ن سندھ کے ایک وفد سے ملاقات کی تھی۔
انہوں نے اس تاثر کو بھی رد کر دیا کہ صدر مملکت سندھ کے بلدیاتی الیکشن کی مہم چلائیں گے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ صدر بننے سے پہلے ممنون حسین کاسندھ میں سرگرم سیاسی کردار رہا ہے اور وہ نچلی سطح پر سیاسی کارکنوں سے تعلقات بھی رکھتے ہیں، اسی وجہ سے وفد نے ان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی جسے انہوں نے قبول کیا۔
پی پی پی ترجمان فرحت اللہ بابر نے منگل کو کہا تھا کہ عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی پی پی پی اجلاسوں میں شرکت کو ایک سیاسی سرگرمی سمجھتے ہوئے ان پر پابندی عائد کی تھی۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے پی پی پی کی تنقید مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صدر نے اپنے عہدے کا تقدس برقرار رکھا کیونکہ یہ اجلاس ایوان صدر میں نہیں ہوا۔
پیر کو ہونے والے اجلاس میں شریک احسن اقبال نے مزید کہا کہ پی پی پی کو تنقید زیب نہیں دیتی کیونکہ زرداری صدر مملکت ہونے کے باوجود پی پی پی کے شریک چیئرمین رہے اور وہ ایوان صدر میں پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی اور کور کمیٹی کے اجلاس منعقد کرتے رہے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں