اب شہروں اوردیہاتوں میں بھی دہشت گردوں سے نبٹا جائے گا: نواز شریف

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی اور فرقہ واریت کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور فرقہ واریت پاکستان کیلئے کینسر کی طرح ہے جس سے چھٹکارا حاصل کرنا ضروری ہے

156522
اب شہروں اوردیہاتوں میں بھی دہشت گردوں سے نبٹا جائے گا: نواز شریف

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی اور فرقہ واریت کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور فرقہ واریت پاکستان کیلئے کینسر کی طرح ہے ، اب وقت آ گیا ہے کہ اس لعنت سے نجات حاصل کی جائے ۔ ایک آپریشن ضرب عضب قبائلی علاقوں میں جاری ہے ، دوسرا آپریشن شہروں اور دیہات میں چھپے دہشتگردوں کے خلاف ہو گا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار سوموار کو وزیراعظم ہاؤس میں انسداد دہشت گردی کے قومی منصوبے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں انسداد دہشتگردی سے متعلق حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت دہشت گردوں اور انہیں تحفظ دینے والوں کے درمیان کوئی فرق نہیں کرے گی، ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ اور پشاور چرچ کے واقعات میں بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ہو گی اور شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لیں گے۔
وزیراعظم نے مجرموں کی پھانسی کی سزا پر معطلی کا نوٹس لیتے ہوئے اٹارنی جنرل کو فوری پیروی کا حکم دے دیا ۔ وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نے اٹارنی جنرل اور قانونی ماہرین کو دہشتگردی کے زیر التوا اور حکم امتناعی کیسز کا دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے دہشتگردوں کے کیسز کی تفصیلات طلب کر لیں۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں