’پوف آئی‘ نامی بندوق آئیڈیاز 2014 نمائش میں

آئیڈیاز 2014 نمائش میں رکھی گئی ’پوف آئی‘ نامی بندوق کی نالی 90 ڈگری زاویے تک گھوم کر دشمن کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

134623
’پوف آئی‘ نامی بندوق آئیڈیاز 2014 نمائش میں

پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور جنگی ساز و سامان کو دنیا کے سامنے پیش کرنے والی آئیڈیاز 2014 نمائش کراچی میں شروع ہو گئی ہے جس میں دفاعی صنعت سے وابستہ 200 سے زائد غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندے بھی آئیڈیاز 2014 نمائش میں شرکت کے لیے کراچی آئے ہوئے ہیں۔ اس سال اس نمائش کا نعرہ ’ہتھیار برائے امن‘ رکھا گیا ہے اور اس میں پاکستانی دفاعی صنعت کی بھرپور نمائندگی کی گئی ہے۔ اسی نوعیت کی پچھلی نمائش میں پہلی بار پیش کی جانے والی ایک پاکستانی بندوق کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ انھیں توقع ہے کہ اس بار یہ بندوق خاص طور پر غیر ملکی مندوبین کی خصوصی توجہ حاصل کر پائے گی۔ ’پوف آئی‘ نامی اس بندوق کی نالی 90 ڈگری زاویے تک گھوم کر دشمن کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس بندوق کو بنانے والے ادارے پاکستان آرڈننس فیکٹری کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد احسن محمود کا دعویٰ ہے کہ اسرائیل کے بعد پاکستان دوسرا ملک ہے جو یہ خودکار اور جدید بندوق بنا رہا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد احسن کے مطابق انسداد دہشت گردی کے لیے ہونے والی دو بہ دو لڑائی میں یہ اہم ترین ہتھیار ہے۔ یہ بندوق ’’کلوز کوارٹر کمبیٹ ویپن‘‘ نظام کا حصہ کہلاتی ہے اور عمارتوں کے اندر چھپے دشمن کو محفوظ طریقے سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔اس بندوق کی 90 ڈگری تک گھومنے والی نالی اور اس پر لگے کیمرے بندوق بردار کو موقع فراہم کرتے ہیں کہ وہ اپنے آپ کو خطرے میں ڈالے بغیر نہ صرف دیوار کی دوسری طرف چھپے دشمن کو دیکھیں بلکہ انہیں نشانہ بھی بنائیں۔ یہ ہتھیار خاص طور پر انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہوتی ہے۔ پی او ایف حکام کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان آپریشن کے دوران بھی یہ بندوق کامیابی کے ساتھ استعمال میں رہی ہے۔ ان حکام کا کہنا ہے کہ ’’پوف آئی‘‘ صرف انسداد دہشت گردی کے خصوصی دستوں کے حوالے کی گئی ہے اور تربیت یافتہ کمانڈو ہی اسے استعمال کرتے ہیں۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں