ملکی صورتِ حال سے متعلق زرداری کا سیاسی رہنماوں سے رابطہ

آصف زرداری نے چودھری شجاعت حسین ،چودھری پرویزالٰہی اور اسفند یار ولی کے ساتھ لندن سے ٹیلیفون پر اہم بات چیت کی۔ ترجمان کے مطابق سابق صدر نے ملکی سیاست میں تازہ پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ زرداری جمہوریت اور آئین کے تحفظ کیلئے پر عزم ہیں

79614
ملکی صورتِ حال سے متعلق زرداری کا سیاسی رہنماوں سے رابطہ

پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری نے ملک کی تازہ ترین صورت حال پر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
انہوں نے پیر کو چودھری برادران سے فون پر رابطہ کرکے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔سابق صدر آصف علی زرداری نے چودھری برادران سے گفتگو کے دوران کہا کہ ملکی سلامتی کوہرحال میں اولین ترجیح دی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام افراد کو احتجاج کرنے کا حق حاصل ہے لیکن یہ احتجاج جمہوری حدود کے اندر ہی رہ کر کرنا چاہیے اور ملک میں اس سے جمہوریت کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔
تینوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان کی سلامتی اور قومی یکجہتی کو تمام باتوں پر اولیت دی جائے اور عوامی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے ۔
اس موقع چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ہمارے احتجاج سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی۔ انہوں نے طاہر القادری کے ساتھ مل کر حکومت مخالف تحریک اور دیگر امور پر سابق صدر کو اپنے موقف سے آگاہ کیا۔سابق صدر آصف زرداری نے اے این پی کے رہنما اسفند یار ولی سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان سے ملک کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی ۔سابق صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق پیر کی سہ پہر آصف زرداری نے چودھری شجاعت حسین ،چودھری پرویزالٰہی اور اسفند یار ولی کے ساتھ لندن سے ٹیلیفون پر اہم بات چیت کی۔ ترجمان کے مطابق سابق صدر نے ملکی سیاست میں تازہ پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے بتایا آصف علی زرداری جمہوریت اور آئین کے تحفظ کیلئے پر عزم ہیں اور اسی لیے انہوں نے سیاسی رہنماوں سے مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں