ترنول کے قریب خود کش حملہ ، پانچ افراد ہلاک

82941
ترنول کے قریب خود کش حملہ ، پانچ افراد ہلاک

اسلام آباد کے مضافاتی علاقے ترنول کے قریب فتح جنگ روڈ پر سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ہونے والے ایک خود کش حملے میں دو افسران سمیت کم سے کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق حملے میں سکیورٹی فورسز کی ڈبل کیبن گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں لیفٹیننٹ کرنل ظاہر شاہ اور لیفٹیننٹ کرنل ارشد ہلاک ہوگئے ہیں۔ عسکری ذرائع کے مطابق حملے میں تین عام شہری بھی ہلاک ہوئے۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ایک پیدل خود کش حملہ آور نے پھاٹک کے قریب گاڑی کو نشانہ بنایا جس کی وجہ سے قریب سے گزرنے والا ایک رکشہ بھی اس کی زد میں آ گیا۔
دھماکے سے ہلاک ہونے والوں میں سکیورٹی فورسز کے دو افسران، رکشہ ڈرائیور اور خودکش حملہ آور شامل ہیں۔مقامی پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور ایک بھکاری کے روپ میں تھا۔ جس جگہ پر یہ خودکش حملہ ہوا وہاں پر بھکاریوں کی ایک خاصی تعداد موجود ہوتی ہے اور جونہی ریلوے کا پھاٹک بند ہوتا ہے یا گاڑیوں کی رفتار کم ہوتی ہے تو بھکاری اُن گاڑیوں کی طرف بھاگتے ہیں۔پولیس کے مطابق جونہی خودکش حملے کا نشانہ بننے والی گاڑی کے ڈرائیور نے رفتار کم کی تو خودکش حملہ آور نے خود کو اس گاڑی سے ٹکرا دیا۔
خفیہ اداروں کی رپورٹ کے مطابق تھانہ ترنول کی حدود میں قبائلی علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کے بعد بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی کرکے ترنول کے علاقے میں رہ رہے ہیں اور اس خدشے کا بھی اظہار کیا گیا ہے کہ ان میں ایسے افراد کی بھی خاصی تعداد موجود ہے جن کا تعلق شدت پسند تنظیموں سے ہے۔



ٹیگز:

متعللقہ خبریں