ایران: زہریلی ہوا میں سانس لینے کے باعث سینکڑوں طالبات ہسپتال پہنچ گئیں

براستہ تنفس زہریت کا شکار ہونے والی طالبات میں سے 29 کو علاقے کے مختلف ہسپتالوں میں داخل کر لیا گیا

1955058
ایران: زہریلی ہوا میں سانس لینے کے باعث سینکڑوں طالبات ہسپتال پہنچ گئیں

ایران کے شہر ارومیہ میں  لڑکیوں کے یونیورسٹی ہاسٹل میں زہریلی ہوا میں سانس لینے کی وجہ سے سینکڑوں طالبات بیمار پڑ گئی ہیں۔

ارومیہ کی البرز شاہراہ پر واقع اور 450 طالبات پر مشتمل ہاسٹل میں متعدد طالبات رات کے وقت، تاحال نامعلوم اجزاء کی حامل، گیس کی وجہ سے بیمار پڑ گئی ہیں۔

براستہ تنفس زہریت کا شکار ہونے والی طالبات میں سے 29 کو علاقے کے مختلف ہسپتالوں میں داخل کر لیا گیا اور باقی کو طبّی امداد دینے کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایران میں 30 نومبر 2022 سے تعلیمی اداروں میں اجتماعی شکل میں زہریت کے واقعات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔

حالیہ 100 دنوں میں ملک بھر کے اسکولوں میں ایک ہزار سے زائد طالبات میں زہریت کی علامات کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔ متاثرہ طالبات میں تنفس میں دشواری، جی متلانے، قے، سر درد اور ہاتھ پاوں سُن ہونے کی شکایات دیکھنے میں آ رہی ہیں۔

حکام کے مطابق اسکولوں میں N2 گیس کی نشاندہی ہوئی ہے۔

حکومت مخالفین کا کہنا ہے کہ واقعے کے پیچھے، ایران انتظامیہ میں شامل، بعض متعصب گروپوں کا ہاتھ ہے جو  مہسا امینی احتجاجی مظاہروں کا انتقام لینا چاہتے ہیں۔

تاہم حکومت دوست ذرائع کے مطابق واقعے کے پیچھے عوام کو حکومت کے خلاف بھڑکانے کے خواہش مند انتظامیہ مخالف عناصر کارفرما ہیں۔



متعللقہ خبریں