ایران نے تصدیق کر دی، امریکی شہری مائیکل وائٹ ایران میں زیر حراست ہے

مائیکل وائٹ کو کچھ عرصہ قبل ایران کے شہر مشہد سے گرفتار کیا گیا اور تہران  میں "امریکی مفادات کے تحفظ " آفس کو اس گرفتاری سے آگاہ کر دیا گیا تھا: بہرام قاسمی

1122993
ایران نے تصدیق کر دی، امریکی شہری مائیکل وائٹ ایران میں زیر حراست ہے

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے امریکی بحری بیڑے کے سابق اہلکار مائیکل وائٹ کے مشہد میں زیر حراست   ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

وزارت خارجہ کی سرکاری ویب سائٹ پر شائع ہونے والے تحریری بیان میں  قاسمی نے کہا  ہے کہ مائیکل وائٹ کو کچھ عرصہ قبل ایران کے صوبہ خراسان رضوی کے شہر مشہد سے گرفتار کیا گیا اور تہران  میں "امریکی مفادات کے تحفظ "آفس کو اس گرفتاری سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔

جیل میں وائٹ پر نفسیاتی تشدد کے دعووں کی تردید کرتے ہوئے قاسمی نے کہا ہے کہ عدالتی حکام وائٹ کی فائل پر  غور کر رہے ہیں اور غور و خوض کا کام مکمل ہونے کے بعد متعلقہ حکام ضروری بیان جاری کریں  گے۔

واضح رہے کہ امریکہ کے روزنامے نیویارک ٹائمز NYT  نے  کل شائع کردہ خبر میں کہا تھا کہ امریکی بحری بیڑے کے ایک سابق اہلکار 46 سالہ مائیک وائٹ جولائی 2018 سے ایران میں زیر حراست ہیں۔

سابق فوجی کے کنبے کے حوالے سے شائع کردہ اس خبر کے مطابق کیلیفورنیا کے رہائشی مائیکل وائٹ  اپنی ایرانی گرل فرینڈ سے ملنے کے لئے ایران گئے جہاں انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

وائٹ کی والدہ این جوآن وائٹ کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کو 27 جولائی 2018 کو براستہ دوبئی امریکہ واپس لوٹنا تھا لیکن وائٹ کے اس جہاز میں سوار نہ ہونے پر گمشدگی کی ایف آئی آر درج کروائی گئی۔

واضح رہے کہ ایران کے ساتھ طے شدہ جوہری سمجھوتے  سے ماہِ مئی میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی یک طرفہ دستبرداری اور ایران پر پابندیوں کے اطلاق کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا تھا۔

امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایران کے ساتھ کسی نئے سمجھوتے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے 12 شقوں پر مشتمل شرائط نامے کو پیش کیا تھا ۔

پومپیو کی ان شرائط میں سے ایک "ایران کے، غیر حقیقی الزامات کے ساتھ، زیر حراست رکھے ہوئے تمام امریکی اور امریکہ کے اتحادی ممالک کے شہریوں کو رہا کرنے" سے متعلق تھی۔

ایران میں وائٹ کے علاوہ کم از کم 3 امریکی شہری کئی سالوں سے جیلوں میں بند ہیں۔



متعللقہ خبریں