بن لادن گروپ 50 ہزار ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کر رہا ہے

کمپنی کے بعض منصوبوں میں کام کرنے والے ملازمین نے کئی ماہ سے تنخواہوں  کی عدم ادائیگی   پر  احتجاجی مظاہرے بھی کیے ہیں

481542
بن لادن گروپ 50 ہزار ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کر رہا ہے

سعودی عرب کی ایک بڑی تعمیراتی کمپنی "بن لادن گروپ" نے اپنے 50 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔  اس گروپ نے یہ اعلان تیل کی کم قیمتوں اور سعودی حکومت  کے  ترقیاتی اخراجات میں کمی لانے کے بعد کیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی شاہی خاندان بن لادن گروپ کو کئی دہائیوں سے بڑے تعمیراتی منصوبوں کے ٹھیکے دیتا رہا ہے جس میں مسجد الحرام کا توسیعی منصوبہ بھی شامل ہے۔

کمپنی کے بعض منصوبوں میں کام کرنے والے ملازمین نے کئی ماہ سے تنخواہوں  کی عدم ادائیگی   پر  احتجاجی مظاہرے بھی کیے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے الوطن اخبار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملازمت سے نکالے گئے ملازمین غیر ملکی ہیں۔ الوطن کے مطابق نکالے گئے ملازمین کو ملک سے نکلنے کا کہا گیا ہے لیکن ملازمین نے تنخواہ کی ادائیگی تک ملک چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے ان میں سے بعض ملازمین کو کئی ماہ سے تنخواہ نہیں ملی اور یہ کمپنی کے مرکزی دفتر کے سامنے ہر روز احتجاج کرتے ہیں۔

سعودی عرب میں حکومتی آمدن کا تقریباً 80 فیصد حصہ تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم پر مشتمل ہے اور گذشتہ برس سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے اس کی معیشت متاثر ہوئی ہے۔



متعللقہ خبریں