خانہ کعبہ میں عارضی مطاف ہٹانے کا کام شروع

توسیع حرم کی تکنیکی کمیٹی کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ ہنگامی مطاف کی جگہ مستقل مطاف کی تیاری کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

465563
خانہ کعبہ میں عارضی مطاف ہٹانے کا کام شروع

مسجد حرام کی توسیع کے ذمے دارادارے نے کہا ہے کہ بیت اللہ کے طواف کے لیے بنائے گئے عارضی 2 منزلہ مطاف کو ہٹانے کا کام شروع کردیاگیا ہے جس کے بعد مسلمانوں کو مستقل مطاف سے بیت اللہ کے دیدار اورطواف کعبہ کی سہولت حاصل ہوگی۔

عارضی مطاف کو ہٹانے کا کام ماہ صیام سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔ توسیع حرم کی تکنیکی کمیٹی کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ ہنگامی مطاف کی جگہ مستقل مطاف کی تیاری کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ عارضی مطاف ہٹائے جانے کے بعد مستقل مطاف سے ایک لاکھ 7 ہزارزائرین فی گھنٹہ طواف کعبہ کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔ عارضی مطاف ہٹانے کا کام مستقل مطاف کے لیے صحن مطاف،فرسٹ فلور اورالمیزانین کی پہلی منزل کی تکمیل کے بعد شروع کیاگیا ہے۔ مستقل مطاف کو وقت مقررہ پرمکمل کرلیاگیاہے جس کے بعد اب عارضی مطاف کی ضرورت باقی نہیں رہی ہے۔

عارضی مطاف ہٹائے جانے کے بعد خانہ کعبہ اور زائرین کے درمیان کوئی پردہ حائل نہیں ہوگا۔ معذور اور عمر رسیدہ افراد متحرک کرسیوں کی مدد سے اپنے مخصوص ٹریک مطاف پل سے خانہ کعبہ کا طواف کریں گے۔ مطاف کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو زائرین کی زیادہ سے زیادہ تعدادکے پیش نظرکشادہ رکھا گیا ہے تاکہ طواف کرنے والے مسلمانوں کومطاف میں داخل ہونے اوروہاں سے باہرنکلنے میں کسی قسم کی دشواری کاسامنا نہ کرنا پڑے۔رکاوٹیں اورعارضی مطاف ہٹائے جانے کے بعد صحن مطاف میں 30 ہزار زائرین ایک گھنٹے میں طواف کی سعادت حاصل کریں گے۔اس وقت مطاف کے دائرے کی شکل میں بنائے گئے عارضی پل سے فی گھنٹہ 20 ہزارافراد خانہ کعبہ کا طواف کر سکتے ہیں۔



متعللقہ خبریں