لبنان کی 125سالہ خاتون شادی کی خواہشمند

دنیا کی معمرترین 125سالہ خاتون حاجیہ میمونہ کا تعلق لبنان سے ہے۔ انکے شوہر 40برس قبل انتقال کر چکے ہیں اور ان کے اکلوتے بیٹے کی عمر 86برس ہے۔

333083
لبنان  کی 125سالہ خاتون شادی کی خواہشمند

دنیا کی معمرترین 125سالہ خاتون حاجیہ میمونہ کا تعلق لبنان سے ہے۔ انکے شوہر 40برس قبل انتقال کر چکے ہیں اور ان کے اکلوتے بیٹے کی عمر 86برس ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ اگر کوئی انہیں نکاح کا پیغام دے تو وہ اسے بخوبی قبول کر لیں گی۔ میمونہ کی صحت قابل رشک ہے۔ وہ نہ صرف اپنے پیروں پر چلتی پھرتی ہیں بلکہ اپنے تمام کام کاج خود ہی نمٹاتی ہیں۔ مصری نیوزویب سائٹ ”اخبارک“ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں حاجیہ میمونہ عبداللہ کی 125ویں سالگرہ دھوم دھام سے منائی گئی۔ اس موقع پر ان کے گھر پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کا ایک ہجوم تھا۔ مقامی اخبارات و چینلز کے علاوہ بین الاقوامی میڈیا کے صحافی دنیا کی معمرترین خاتون کی سالگرہ میں شرکت کیلئے لبنان کے صوبہ عکار کے قصبے”الدبابیہ“ میں جمع تھے۔ یوں تو ہر سال ہی حاجیہ میمونہ کی سالگرہ کے موقع پر میڈیا کی جانب سے انہیں کوریج دی جاتی ہے تاہم اس مرتبہ چونکہ ان کی عمر کے سوا سو سال مکمل ہو رہے تھے اس لئے میڈیا نے انہیں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں بہت زیادہ کوریج دی۔ حاجیہ میمونہ نے شمالی لبنان کے صوبے عکار میں 1890ءمیں جنم لیا تھا۔ اس وقت دنیا میں ان سے بڑی عمر کی کوئی خاتون زندہ نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عکار خصوصاً الدبابیہ کے باشندے اسے اپنے لئے ایک فخر سمجھتے ہیں۔ حاجیہ میمونہ کی سالگرہ پر الدبابیہ کے سینکڑوں باشندے بھی ان کے گھر میں جمع تھے۔ مقامی لوگوں نے حاجیہ میمونہ کو ”ام الدبابیہ“ (الدبابیہ کی ماں) کا لقب دیا ہے۔ سوا سو سال کی عمر میں ان کی صحت قابل رشک‘ چہرہ شاداب اور رنگت بھی صاف ہے۔ وہ محض 80سال کی نظر آتی ہیں۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ان کے حوصلے جوان ہیں۔ سالگرہ کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالات کے جواب میں حاجیہ میمونہ نے بتایا کہ ”میں ایک متوسط درجے کے کسان گھرانے میں پیدا ہوئی۔ میں کھیتی باڑی میں اپنے والد کا ہاتھ بٹاتی تھی۔ میں نے بچپن سے آج تک کبھی چکن گوشت نہیں کھایا ۔ہمیشہ گائے اور بکری کا گوشت کھاتی ہوں اور مجھے موسمی پھل بھی بہت پسند ہیں۔ میں تلی ہوئی چیزیں کھانے سے پرہیز کرتی ہوں اور سمندری مچھلی کے بجائے میٹھے پانی کی مچھلی ہی کھاتی ہوں ۔ میں نے زندگی میں زیادہ تر خرگوش اور پرندوں کا گوشت کھایا ہے ۔حاجیہ میمونہ لبنان میں ایک صدی پہلے چھڑنے والی خانہ جنگی کی عینی شاہد ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر شخص کو ان کی طرح لمبی عمر ملے۔ ان کے وطن لبنان میں امن ہو۔ واضح رہے کہ حاجیہ میمونہ کی کم عمری ہی میں شادی ہو گئی تھی۔ ان کا ایک بیٹا اور چار بیٹیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے شوہر کے ساتھ اچھا وقت گزارا۔ انہوں نے شادی کے وقت تحفے میں سونے کی انگوٹھی دی تھی۔ وہ اب بھی میرے ہاتھ میں موجود ہے۔ایک صحافی نے حاجیہ میمونہ سے پوچھا کہ شوہر کے بغیر آپ کی زندگی کیسے گزر رہی ہے؟ تو انہوں نے کہا کہ شوہر کے بغیر زندگی بے کار ہے۔ اگر اب بھی کوئی مجھے نکاح کا پیغام دے تو میں آنکھیں بند کر کے بخوشی قبول کر لوں گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے شوہر سے بہت محبت تھی۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ سوا سو سال کی عمر میں بھی حاجیہ میمونہ کو کوئی بیماری لاحق نہیں ہے۔ وہ اب بھی لاٹھی کے سہارے اپنے پیروں پر چلتی ہیں اور اپنے 20پوتوں‘ پوتیوں‘ پڑتوں اور پڑپوتیوں کے ساتھ ہنسی خوشی زندگی گزار رہی ہیں۔ وہ گزرے زمانے کی عجیب و غریب باتیں اور قصے سناتی ہیں۔ حاجیہ میمونہ اپنے بیٹے بکرحسن اور ان کی اہلیہ سے بہت خوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بیٹا اور بہو ان کا بہت خیال رکھتے ہیں۔ 86سالہ بکرحسن کا کہنا ہے کہ والدہ میرے ساتھ ہی رہنا چاہتی ہیں اور بہنوں کے اصرار کے باجود ان کے گھر نہیں جاتیں۔ حاجیہ میمونہ زندگی میں ایک ہی بار حج کیلئے اپنے قصبے سے باہر نکلی تھیں۔ انہوں نے اپنے ملک لبنان کا دارالحکومت بیروت بھی نہیں دیکھا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ صبح سویرے اٹھتی ہیں اور نماز پڑھ کر اپنے قریبی رشتہ داروں کے گھر جاتی ہیں۔ اس کے بعد وہ اپنی 3گایوں کا دودھ دوہتی ہیں۔ جانوروں کو چارہ ڈالنے اور ان کی نگہداشت کی ذمہ داری بھی وہ اپنی بوڑھی بہو پر نہیں ڈالتیں۔ حاجیہ میمونہ اپنی صحت کے اصل راز سے خود بھی واقف نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں دودھ بہت زیادہ پیتی ہوں۔ انہوں نے ایک صدی گزرنے کے باوجود اپنی شادی کا جوڑا اب تک سنبھال کر رکھا ہوا ہے۔ حاجیہ میمونہ اور ان کے بیٹے کی جانب سے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ان کا نام درج کرانے کی کوشش نہیں کی گئی۔ اس وقت گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ایک امریکی خاتون کا نام درج ہے جس کی عمر 116سال ہے۔ اب عکار سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن اور میڈیا ورکر حاجیہ میمونہ کا نام اس فہرست میں درج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ حاجیہ میمونہ کی عمر کے مصدقہ ثبوت ان کے شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کی صورت میں موجود ہیں۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں