پاکستانی ٹیم نے ایشیا کی بہترین ٹیسٹ ٹیم کا اعزاز حاصل کر لیا

سری لنکا کو گال ٹیسٹ میں دس وکٹوں سے شکست دینے کے بعد پاکستانی ٹیم نے بھارت کو بھی پیچھے چھوڑتے ہوئے ایشیا کی کامیاب ترین ٹیسٹ ٹیم کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے

314257
پاکستانی ٹیم نے ایشیا کی بہترین ٹیسٹ ٹیم کا اعزاز حاصل کر لیا

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم نے ایشیا کی کامیاب ترین ٹیسٹ ٹیم کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
پاکستان نے پانچ روزہ ٹیسٹ میچوں کی کارکردگی کے اعتبار سے بھارت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، یاسر شاہ 20 برس بعد بہترین پرفارمنس پیش کرنے والے پاکستان کے پہلے لیگ اسپنر بن گئے، سرفراز احمد نے ایک اننگز میں ریکارڈ تین سری لنکن بیٹسمینوں کواسٹمپڈ کیا۔
جب پاکستان نے گزشتہ روز سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سےشکست دی ، اس کے ساتھ ہی قومی ٹیم ایشیا کی کامیاب ترین ٹیسٹ ٹیم بھی بن گئی ، یہ پاکستان کی 390 ٹیسٹ میچز میں 123 ویں فتح ہے ، اس طرح اس نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا جس نے اب تک 488 ٹیسٹ میچز میں 122 فتوحات حاصل کی ہیں۔
پاکستان نے 90 رنز کا ہدف 11٫2 اوورز میں 8.11 کی اوسط سے پورا کرتے ہوئے بھی ایک منفرد ریکارڈ بنایا۔ اس سے قبل کسی نے بھی اس طرز میں 8 سے زائد کے رن ریٹ سے اسکور نہیں کیا۔ یہ دوسرا موقع ہے جب پاکستان نے سری لنکا کو دس وکٹوں سے شکست دی ۔
یاسر شاہ نے دوسری اننگز میں 76 رنز کے عوض7 وکٹیں لیں، اس طرح انھوں نے سری لنکا میں بہترین پرفارمنس پیش کرنے والے غیرملکی بولرکا اعزاز حاصل کرلیا۔ یہ کسی بھی پاکستانی لیگ اسپنر کی 20 برس بعد بہترین بولنگ ہے۔
کسی بھی پاکستانی لیگ اسپنر کی جانب سے بہترین بولنگ کا اعزاز عبدالقادر کے نام ہے جنھوں نے انگلینڈ کے خلاف لاہور میں 1987 میں 56 رنز دے کر 9 وکٹیں لی تھیں۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں