نائیجیریا: مسلح حملہ، 11 افراد ہلاک

صوبہ کادونا میں مسلح حملے کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اورکثیر تعداد میں زخمی ہو گئے

1770773
نائیجیریا: مسلح حملہ، 11 افراد ہلاک

مغربی افریقہ کے ملک نائیجیریا کے صوبے کادونا میں مسلح حملے کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مسلح موٹر سائیکل سواروں نے صوبہ کادونا کے علاقے کُرمین ماسارا پر حملہ کیا۔ حملے میں 11 افراد ہلاک اورکثیر تعداد میں زخمی ہو گئے ہیں علاوہ ازیں 30 سے زائد گھروں کو لُوٹ لیا گیا ہے۔

کادونا کے کمشنر برائے صوبائی داخلہ سلامتی و امورِ داخلہ سیموئیل آرووان نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کو متاثرہ علاقے کی طرف روانہ کر دیا گیا اور مسلح افراد کے خلاف آپریشن شروع ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ملک میں مسلح موٹر سائیکل سواروں کے حملوں میں اضافے کی وجہ سے بعض صوبوں میں موٹر سائیکل کا استعمال ممنوع قرار دے دیا گیا تھا۔

علاقے میں مویشی بان قبیلوں اور کاشتکار قبیلوں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔ صوبہ کادونہ میں گذشتہ سال مسلح افراد کے حملوں کے نتیجے میں 937 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور 1972 افراد کو اغوا کر لیا گیا تھا۔



متعللقہ خبریں