ٹرمپ کے خلاف مواخذہ،سینیٹ میں کاروائی شروع

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے لیے گزشتہ روز  سینیٹ میں کارروائی کا آغاز ہو گیا ہے جس کےلیےامریکہ کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹ نے سینیٹ اراکین سے حلف لیا

1342517
ٹرمپ کے خلاف مواخذہ،سینیٹ میں کاروائی شروع

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے لیے گزشتہ روز  سینیٹ میں کارروائی کا آغاز ہو گیا ہے۔

 ٹرمپ تیسرے امریکی صدر ہیں جنہیں مواخذے کا سامنا ہے۔

خبر کے مطابق امریکی سینیٹ کے ارکان نے جمعرات کو اس بات کا حلف اٹھایا کہ وہ ملک کے 45ویں صدر کو عہدے سے ہٹانے کے لیے کی جانے والی کارروائی میں غیر جانب دار رہیں گے۔

امریکہ کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹ نے سینیٹ اراکین سے حلف لیا اور اس موقع پر 100 ارکان پر مشتمل ایوان میں 99 سینیٹرز موجود تھے جبکہ ایک سینیٹر غیر حاضر رہے۔

اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ایوان نمائندگان کی جانب سے عائد کردہ دو الزامات پڑھ کر سنائے گئے۔

 واضح رہے کہ  صدر ٹرمپ کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور کانگریس کی تحقیقات میں رکاوٹ حائل کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔

خفیہ امور  کمیٹی کے چیئرمین ایڈم شف مواخذے کی کارروائی کے عمل کے مرکزی کردار ہیں اور انہوں نے صدر ٹرمپ پر عائد کردہ الزامات پڑھتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے صدر بڑے جرم اور بدعنوانی کے مرتکب قرار پائے ہیں۔

 دوسری جانب سینیٹ میں ہونے والی کارروائی پر اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میرے خیال میں اس عمل کو جلدی ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ایک چال کا سامنا ہے اور یہ چال ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے چلی گئی ہے جو آئندہ صدارتی انتخاب جیتنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

 یاد رہے کہ امریکی سینیٹ میں صدر کے مواخذے کے لیے دو تہائی اکثریت لازم ہے۔

 سینیٹ میں صدر ٹرمپ کی جماعت ری پبلکن پارٹی کو اکثریت حاصل ہے اس لیے غالب امکان یہی ہے کہ صدر کو یہاں سے   حمایت مل جائے گی۔

 



متعللقہ خبریں