الہان عمر کی معذرت کافی نہیں،مستعفی ہونا پڑےگا:ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والی نئی رکن کانگریس الہان عمر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے جنھوں نے یہودی مخالف کلمات پر دونوں جماعتوں سے معافی مانگی تھی

1144048
الہان عمر کی معذرت کافی نہیں،مستعفی ہونا پڑےگا:ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والی نئی رکن کانگریس الہان عمر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے جنھوں نے یہودی مخالف کلمات پر ریپبلیکن اور ساتھی ڈیموکریٹ ارکان دونوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر مذمت کے بعدگزشتہ  پیر کے روز معذرت کر لی تھی۔

ٹرمپ  نے گزشتہ  روز اخباری نمائندوں کو بتایا کہ عمر کی معذرت کافی نہیں اور مزید کہا کہ معافی کے لیے ان کے الفاظ کھوکھلے تھے۔

ٹرمپ نے الہان عمر سے مطالبہ کیا کہ وہ کانگریس سے مستعفی ہوں یا کم از کم ایوان کی امور خارجہ کمیٹی کی اپنی رکنیت چھوڑ دیں۔

الہان عمر صومالی مہاجر اور مسلمان ہیں جنھوں نے  منی سوٹا کی وسط مغربی ریاست سے منتخب ہونے کے بعد پانچ ہفتے قبل عہدے کا حلف لیا تھا۔

 اُنھوں نے اپنے یہودی مخالف کلمات پر پیر کے روز معذرت کی جس کے خلاف ریپبلیکن اور اُن کے ڈیموکریٹ پارٹی کے اپنے ارکان دونوں نے اُن کی شدید مذمت کی تھی۔

گزشتہ اتوار کے  روز  اپنے ٹوئیٹس میں رکن کانگریس الہان عمر نے کہا تھا کہ امریکہ میں اسرائیل کا حامی گروپ "امریکن- اسرائیل پبلک افیئرز کمیٹی" یہودی ریاست کی حمایت کے حصول کے لیے قانون سازوں کو خرید رہی ہے۔

اُنھوں نے دعویٰ کیا کہ قانون سازوں کی جانب سے اسرائیل کی حمایت کا اصل سبب اس کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی مالی  امداد ہے  حالانکہ غیر نفع نقصان کی بنیاد پر کام کرنے والی یہ تنظیم امریکی انتخابی مہم کے لیےسیاست دانوں کو براہ راست چندہ نہیں دیتی۔

یہ  کمیٹی  امریکی سیاستدانوں کی انتخابی مہم کے لیے عطیات نہیں دیتی  مگر اس کے ارکان ذاتی طور پر چندہ دے سکتے ہیں۔

 

 



متعللقہ خبریں