شام پربوقت ضرورت دوبارہ حملہ کیا جا سکتا ہے: امریکہ

وائٹ ہاؤس کے ترجمان شان اسپائسر نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے شام پر کیا جانے والا امریکی حملہ آخری نہیں تھا اور امریکہ مستقبل میں بھی ایسی کارروائیاں کرسکتا ہے

709845
شام پربوقت ضرورت دوبارہ حملہ کیا جا سکتا ہے: امریکہ

امریکہ نے واضح کیا ہے کہ شام کے صدر بشار الاسد کے طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے کی کوئی گنجائش نہیں اور انہیں اپنا عہدہ چھوڑنا ہوگا۔

گزشتہ روز  صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس کے ترجمان شان اسپائسر نے کہا کہ بشار الاسد کی موجودگی میں ایک مستحکم اور پرامن شام کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا اور شام کے محفوظ مستقبل کی جانب ایسی کوئی راہ نہیں جاتی جس میں بشارالاسد کی گنجائش نکلتی ہو۔

ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ کے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ ہفتے شام پر کیا جانے والا امریکی حملہ آخری نہیں تھا اور امریکہ مستقبل میں بھی ایسی کارروائیاں کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے صرف شام نے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا نے دیکھ لیا کہ امریکہ ایسی کسی بھی بہیمانہ کارروائی کا جواب پوری قوت سے دینے کا حق رکھتا ہے۔

شان اسپائسر کا کہنا تھا کہ امریکہ کی پہلی ترجیح شام میں داعش کے جنگجووں کو شکست دینا اور پھر وہاں قیادت کی تبدیلی کے لیے سازگار ماحول بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اس لیے بھی شام کے بحران کا فوری حل چاہتا ہے تاکہ پریشان حال شامی  شہریوں کو محفوظ مقامات کی تلاش میں  دربدر نہ بھٹکنا پڑے اور وہ اپنے ہی ملک میں سکون سے رہ سکیں۔

 یاد رہے کہ امریکہ نے گزشتہ ہفتے شامی فوج کے زیرِاستعمال اس ہوائی اڈے پر میزائل حملہ کیا  تھا۔



متعللقہ خبریں