ترکیہ: اسلامی تعاون یوتھ فورم کے لئے صدر ایردوان کا ویڈیو پیغام

بحیثیت مسلمان نوجوانوں کے آپ کا باہم متحد ہو کر قدم بڑھانا کس قدر اہم ہے اس کا ہمیں 7 اکتوبر سے غزّہ پر جاری حملوں اور فلسطینی قتل عاموں کے دوران ایک دفعہ پھر مشاہدہ ہو گیا ہے: صدر ایردوان

2100053
ترکیہ: اسلامی تعاون یوتھ فورم کے لئے صدر ایردوان کا ویڈیو پیغام

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ہم بین الاقوامی رائے عامہ کو اسرائیل کے انسانی و جنگی جرائم سے باخبر رکھنے کے لئے بھر پور کوششیں کر رہے ہیں۔

صدر ایردوان نے استنبول میں منعقدہ  اسلامی تعاون تنظیم یوتھ فورم کے 5 ویں جنرل کمیٹی اجلاس کے لئے ویڈیو پیغام بھیجا ہے۔

پیغام میں انہوں نے اقتصادی، ثقافتی اور سماجی شعبوں میں پُر اعتماد مسلمان نوجوان کی پرداخت کے لئے وسیع پیمانے کی کوشش پر یوتھ کمیٹی کو مبارکباد پیش کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ "بحیثیت مسلمان نوجوانوں کے آپ کا باہم متحد ہو کر قدم بڑھانا کس قدر اہم ہے اس کا ہم نے 7 اکتوبر سے غزّہ پر جاری حملوں اور مقبوضہ فلسطینی زمینوں میں جاری قتل عاموں کے دوران  ایک دفعہ پھر مشاہدہ کیا ہے۔ اسرائیلی فوجیوں نے پوری دنیا کی آنکھوں کے سامنے ہمارے 28 ہزار فلسطینی بہن بھائیوں کو نہایت ظالمانہ طریقے سے شہید کر دیا ہے۔ ان شہداء میں اکثریت بچوں اور عورتوں کی ہے۔ اسرائیل کی طرف سے براہ راست شہریوں کو ہدف بنا کر کی گئی بمباری میں 67 ہزار سے زائد معصوم فلسطینی زخمی ہو چُکے ہیں"۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ اسرائیلی مظالم  نازی مظالم کو کب کا پیچھے چھوڑ چُکے ہیں۔ حملوں میں، عبادت گاہوں، اسکولوں اور شہری انفراسٹرکچر کے نام پر، جو بھی کچھ علاقے میں موجود تھا تہس نہس ہو چُکا ہے۔ ان حملوں کے جواب میں بحیثیت ترکیہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مکمل تعاون کی حالت میں ہیں۔ ہم نے انسانی امدادی سامان کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کینسر کے مریضوں کو بغرضِ علاج ترکیہ لانے تک    متعدد اقدامات کئے ہیں۔ بین الاقوامی رائے عامہ کو اسرائیل کے جنگی و انسانی جرائم سے باخبر رکھنے کے لئے بھی ہم بھر پور کوششیں کر رہے ہیں۔

غزّہ  میں اسرائیلی مظالم کے خلاف اسلامی ممالک  کے  مشترکہ ردعمل کے لئے اور باہم متحد شکل میں حرکت کرنے کے لئے بھی ہماری سفارتی ملاقاتیں جاری ہیں۔ جب تک 1967 کی سرحدوں اور بیت المقدس کے دارالحکومت والی آزاد فلسطینی حکومت قائم نہیں ہو جاتی ہماری جدوجہد جاری رہے گی"۔

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ " ہم، مسئلہ فلسطین کے لئے، اسلامی تعاون یوتھ فورم کے فعال اور مستحکم موقف  کا خیر مقدم کرتے ہیں"۔



متعللقہ خبریں