ادلب میں فوجی آپریشن ایک لمحے کی بات ہے: صدر ایردوان

ترکی نے خود آپریشن کرنے کے لئے ہر طرح کی تیاریاں  مکمل کر لی ہیں، دوسرے الفاظ میں ادلب میں فوجی آپریشن اب ایک لمحے کی بات ہے: صدر رجب طیب ایردوان

1362551
ادلب میں فوجی آپریشن ایک لمحے کی بات ہے: صدر ایردوان

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ شام کے علاقے ادلب میں فوجی آپریشن  ایک لمحے کی بات ہے۔

صدر ایردوان نے قومی اسمبلی میں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی  گروپ سے خطاب  کیا۔

خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ ادلب میں درپیش انسانی المیے کے بارے میں روس کے ساتھ ہمارے مذاکرات جاری ہیں۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ تاحال مذاکرات میں ہم اپنی توقع کے مطابق نتیجہ حاصل نہیں کر سکے۔ حقیقت یہ ہے کہ جس سطح پر ہم پہنچنا چاہتے ہیں وہ ابھی بہت دُور ہے"۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ شامی انتظامیہ کو ادلب میں "سوچی سمجھوتے کی تسلیم شدہ "سرحد سے نکلنے کے لئے رواں مہینے کے آخر تک مہلت دی گئی تھی جو ختم ہونے والی ہے۔ ترکی نے خود آپریشن کرنے کے لئے ہر طرح کی تیاریاں  مکمل کر لی ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم یہ بات ہر موقع پر کھلے اور دو ٹوک الفاظ میں کہتے چلے آ  رہے ہیں کہ اگر ان علاقوں میں ہمارے مخاطب ممالک سلامتی کے موضوع پر ترکی کے اندیشوں کا مثبت جواب نہیں دیتے تو  ہم اپنے بل بوتے پر یہ مسئلہ حل  کر لیں گے۔ دوسرے الفاظ میں ادلب میں فوجی آپریشن اب ایک لمحے کی بات ہے۔

صدر رجب طیب ایردوان نے مزید کہا ہے کہ شامی انتظامیہ اس معاملے میں ترکی  کے عزم کو ابھی تک سمجھ نہیں پائی لیکن جو اس کی پیٹھ ٹھونک رہے ہیں ہم ادلب کو ان کے حوالے نہیں کریں گے۔ اس علاقے کے حالات ہمارے ملک پر کیسا بوجھ لاد دیں گے اسے جانتے بوجھتے ہم ان مسائل  کو ڈھیل دینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا ہے کہ خواہ کسی بھی قیمت پر ہو ہم ادلب کو ترکی کے حوالے سے بھی اور علاقے کے عوام کے حوالے سے بھی ایک محفوظ جگہ  میں تبدیل کرنے کا پختہ ارادہ رکھتے ہیں۔



متعللقہ خبریں