یونانی حکام نے حفتر کو ملک میں بُلا کر لیبیا میں امن کوششوں کو سبوتاژ کیا ہے: چاوش اولو

یونان، لیبیا  کی تسلیم شدہ حکومت کے ساتھ ہمارے دو سمجھوتوں کو ہضم نہیں کر پا رہا، یونانی حکام نے غیر مشروع مسلح فورسز کے لیڈر حفتر کو ملک میں بُلا کر لیبیا میں امن کوششوں کو سبوتاژ کیا ہے: وزیر خارجہ میولود چاوش اولو

1343273
یونانی حکام نے حفتر کو ملک میں بُلا کر لیبیا میں امن کوششوں کو سبوتاژ کیا ہے: چاوش اولو

ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ یونان  نے لیبیا کے مشرق میں موجود غیر مشروع مسلح فورسز کے لیڈر حفتر کو ملک میں بُلا کر لیبیا میں امن کوششوں کو سبوتاژ کیا ہے۔

وزیر خارجہ چاوش اولو نے موضوع  سے متعلق ٹویٹر سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ یونان اور قبرصی یونانی انتظامیہ مشرقی بحرِ روم میں باہمی تعلقات کو زیادہ سے زیادہ سطح پر لانے کے دعووں کے ساتھ ہمسایہ ممالک کے حقوق  کو غصب کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ یونان اور قبرصی یونانی انتظامیہ کا یورپی یونین کو بھی استعمال کر کے ان دعووں کو جائز بنانے کی کوشش کرنا علاقے میں امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ اس کی حالیہ مثال لیبیا ہے۔ یونان، لیبیا  کی تسلیم شدہ حکومت کے ساتھ ہمارے دو سمجھوتوں کو ہضم نہیں کر پا رہا۔

چاوش اولو نے کہا ہے کہ ڈائیلاگ کی بجائے یونان نے لیبیا کی تسلیم شدہ حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دئیے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کی یونانی حکام "میرے دشمن کا دشمن میرا دوست ہے"کے اصول پر کاربند ہیں۔ اصل میں اس کے پس پردہ یہ بحری اختیار کے علاقے کے دعووں کو لیبیا پر بھی تھوپنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گذشتہ سالوں میں بھی انہوں نے گیریت کے جنوب میں لیبیا کے حقوق اور مفادات کو غصب کرنے کی شکل میں پیٹرول اور قدرتی گیس کے لائسنس فیلڈوں کا تعین کر لیا تھا۔ اس صورتحال کے مقابل لیبیا کی جائز حکومت نے بھی اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے ہمارے ساتھ سمجھوتہ کر لیا ہے۔ یونانی حکام  کا حفتر کو  اپنے ملک بُلانا اور اپنے ملکی ایجنڈے  کو سرِ فہرست لانا لیبیا میں امن کوششوں کو سبوتاژ کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ ہم اپنے یونانی دوستوں کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ یہ بیہودہ کوششیں ثمر بار نہیں ہو سکیں گی، وہ بے فائدہ ہاتھ پاوں مار رہے ہیں۔

واضح رہے کہ آج جرمنی کے دارالحکومت برلن میں متوقع لیبیا کانفرنس سے قبل حفتر نے کل یونان کا "اچانک اور خفیہ "دورہ  کیا اور ایتھنز میں وزیر اعظم کریاکوس میچوتاکیس  اور وزیر خارجہ نکوس دیندیاس  کے ساتھ ملاقات کی۔

میچوتاکیس ۔حفتر مذاکرات کے بعد کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم دیندیاس  اور حفتر  کے درمیان ایک گھنٹے کے مذاکرات کے بعد جاری کردہ بیان میں مذاکرات میں لیبیا کے موضوع پر غور کا ذکر کیا گیا ہے۔  



متعللقہ خبریں