مت ڈرو یہ سرخ ہلالی پرچم سرنگوں نہیں ہوسکتا: محمد عاکف ایرسوئے کی 80 ویں برسی

ترکی  کو در پیش ہر طرح کے خطرے کو برطرف کرنے کے لئے اُس قومی اتحاد و تعاون کی فضاء کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے کہ جس کا  قومی شاعر محمد عاکف ایرسوئے   نے قومی ترانے میں اظہار کیا ہے۔ صدر رجب طیب ایردوان

638542
مت ڈرو یہ سرخ ہلالی پرچم سرنگوں نہیں ہوسکتا: محمد عاکف ایرسوئے کی 80 ویں برسی

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکی  کو در پیش ہر طرح کے خطرے کو برطرف کرنے کے لئے اُس قومی اتحاد و تعاون کی فضاء کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے کہ جس کا  قومی شاعر محمد عاکف ایرسوئے   نے قومی ترانے میں اظہار کیا ہے  ۔

قومی شاعر محمد عاکف کی 80 ویں برسی کے موقع پر صدر رجب طیب ایردوان نے  اپنے  پیغام میں  کہا  ہے کہ محمد عاکف ایرسوئے ،جنگ نجات  کے دوران بڑے پیمانے پر جدوجہد کرنے والی، قومی ترانے  کے خالق اور علم و عرفان کے اہم ترین حلقوں  میں شامل شخصیت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ" عاکف اپنے اشعار، اپنی تخلیقات اور ناقابل شکست عزم کے ساتھ آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں  ۔ عاکف نے جنگ چناق قلعے اور جنگ نجات کے دوران جو داستانیں رقم کیں وہ ملّی آزادی و خود مختاری  کے معاملے میں ان کے عزم، ایمان اور روح  کے اتحاد  کا ایک خوبصورت اظہار ہیں۔

صدر ایردوان نے کہا کہ محمد عاکف نے اپنے اشعار میں جس ملّی اتحاد  و اخوت، وطن و  پرچم کی محبت اور جہدِ مسلسل کو پیش کیا ہے ، آنے والی نسلوں کو اس سے روشناس کرنا اور اپنی روحانی و ملّی اقدار  کی پاسداری کرنا ہم سب کا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد عاکف کی برسی کے موقع پر میں اللہ سے ان کی مغفرت کے لئے دعا گو ہوں اور ان کی خدمات پر ان کا ممنون احسان ہوں۔

ترکی کی قومی اسمبلی کے اسپیکر اسماعیل قاہرمان نے بھی  موقع  کی مناسبت سے جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ "محمد عاکف کو اس بات کا یقین تھا کہ عالم اسلام کی نجات کا راستہ اناطولیہ کی نجات سے گزرتا ہے۔ وہ قومی اسمبلی میں فرائض انجام دینے والی  صاحبِ ایمان اور مفّکر شخصیت تھے۔

قاہرمان نے کہا کہ "عاکف ایک ایسے عاشقِ وطن تھے جنہوں نے قومی ترانے کو لفظ "نہ ڈرو" کے الفاظ سے شروع کر کے ملت کو مایوسی اور سستی  کا شکار ہونے سے بچایا اور پورے عزم اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھنے کا حوصلہ بخشا"۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسماعیل قاہرمان نے کہا کہ " جب تک ہماری ملّت  موجود ہے محمد عاکف کے نام اور کام کو زندہ رکھا جائے گا"۔

ترکی کے قومی ترانے کے خالق محمد عاکف ایرسوئے کی 80 ویں برسی کو آج ملک بھر میں مختلف تقریبات  اور احترام و عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔  

قومی ترانے کے ساتھ ساتھ چناق قلعے  کی داستان، بلبل اور صفاحات  جیسے فن پاروں کے خالق محمد عاکف ایر سوئے نے 27 دسمبر 1936 کو وفات پائی۔



متعللقہ خبریں