ہم اپنا ہوم ورک مکمل کریں گے: چاوش اوعلو

ہم اپنا ہوم ورک مکمل کریں گے اور ہمارے یورپی دوست بھی سیاسی رکاوٹوں کو ہٹائیں گے باقی سب آسان ہے: چاوش اوعلو

130361
ہم اپنا ہوم ورک مکمل کریں گے: چاوش اوعلو

ترکی کے یورپی یونین کے وزیر میولود چاوش اوعلو نے ترکی کے مذاکراتی عمل کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو ہٹانے کے لئے ایک دفعہ پھر یورپی یونین کے رُکن ممالک سے اپیل کی ہے۔
چاوش اوعلو نے کہا کہ خاص طور پر اقتصادی اور مالیاتی پالیسی کے ابواب فرانس کی رکاوٹ ختم ہونے کی صورت میں فوری طور پر مذاکرات کے لئے کھُل سکتے ہیں۔
انقرہ میں فرانس کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ استقبالیے میں فرانس کے سفیر لارنٹ بِلی نے کہا کہ فرانسووا اولاند 22 سال کے بعد فرانس سے ترکی کا سرکاری دورہ کرنے والے پہلے صدر ہیں اور اس دورے سے دو طرفہ تعلقات میں تیزی آئی ہے۔
آئندہ ماہ متوقع صدارتی انتخابات کا بھی ذکر کرتے ہوئے سفیر بِلی نے کہا کہ" یورپی یونین کی رکنیت ترکی کی جمہوریت کے لئے ایک بہت بڑا واقعہ ہو گا ،ہم امید کرتے ہیں کہ اس کے ساتھ ساتھ یہ ہمیں یورپی باشندوں کی حیثیت سے ایک دوسرے سے قریب لانے والی اقدار کا بھی ایک نیا بیان بنے گا"۔
اس موقع پر میولود چاوش اوعلو نے بھی یورپی یونین کی رکنیت کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہم اپنا ہوم ورک مکمل کریں گے اور ہمارے یورپی دوست بھی سیاسی رکاوٹوں کو ہٹائیں گے باقی سب آسان ہے"۔
چاوش اوعلو نے کہا کہ "اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں کے 17 ویں باب کے راستے میں اور کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور فرانس کی رکاوٹ ہٹائے جانے سے یہ باب مذاکرات کے لئے فوری طور پر کھُل سکتا ہے"۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں