غزہ پر اسرائیلی حملے جاری،سینکڑوں فلسطینی جاں بحق و زخمی

اسرائیل کے لڑاکا طیاروں نے جبالیہ کیمپ ، اقوام متحدہ کے اسکول اور خان یونس کے علاقوں پر بم برسادیئے،  اموات کی مجموعی تعداد 12ہزار 300ہوگئی ہے جس میں 5ہزار سے زائد بچے اور 3ہزار 300خواتین شامل ہیں

2065992
غزہ پر اسرائیلی حملے جاری،سینکڑوں فلسطینی جاں بحق و زخمی

غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کےدوران مزید 300 فلسطینی جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ،جاں بحق ہونے والوں  میں ایک ہی خاندان کے 32افراد بھی شامل ہیں .

خبر کے مطابق، اسرائیل کے لڑاکا طیاروں نے جبالیہ کیمپ ، اقوام متحدہ کے اسکول اور خان یونس کے علاقوں پر بم برسادیئے،  اموات کی مجموعی تعداد 12ہزار 300ہوگئی ہے جس میں 5ہزار سے زائد بچے اور 3ہزار 300خواتین شامل ہیں.

اسرائیلی طیاروں نے جبالیہ کیمپ پر کئی حملے کئے ، اس دوران اقوام متحدہ کے تحت چلنے والے الفخورہ اسکول کو بھی نشانہ بنادیا گیا جس میں  میڈیا کےمطابق 200سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے ان افراد میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی تھی جنہوں نے اسکول میں پناہ لے رکھی تھی .

بتایا گیا ہے کہ اموات کی تعداد میں مزید اضافے کا امکان ہے ، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ہاتھوں سے ملبہ ہٹاکر میتیں اور زخمیوں کو نکالنے میں مصروف ہیں ۔

 فلسطینی وزارت صحت کے عہدیدار نے بتایا کہ جبالیہ کیمپ میں ایک اور فضائی کارروائی میں ایک ہی خاندان کے 32 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں 19 بچے شامل ہیں، اسی طرح غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں اسرائیلی حملوں میں ہفتے کی صبح مزید 64افراد  جاں بحق ہوگئے 

اسرائیلی افواج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے نابلس میں فضائی حملہ کردیا جس میں 5افراد  ہلاک ہوگئے، اسرائیلی فوج اور الفتح کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان پانچوں کا تعلق فلسطینی صدر محمود عباس کی پارٹی کی عسکری  شاخ  الفتح تحریک سے تھا، دوسری جانب اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال کو تقریباً خالی کروالیا ہے،غزہ حکومت کے ترجمان نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اسپتال میں موجود 500سے زائد زخمیوں ، مریضوں ، طبی عملے اورہزاروں بے گھر افراد کو زبردستی نکال دیا گیا ، زخمیوں کو اسپتال سے پیدل نکلنے پر مجبور کیا گیا، الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر ابو سلمیا کا کہنا ہے کہ اسپتال میں 36 بچے اور کئی گردے کے مریض ہیں، صرف 5 ڈاکٹر رہ گئے ہیں اور کوئی آپریٹنگ روم نہیں بچا، آلات چلانے کے لئےایندھن نہیں ہے، الشفا اسپتال کو ایک فوجی اڈے میں تبدیل کرنے پر اسرائیلی کیخلاف کارروائی کی جانی چاہئے، انہوں نے غزہ میں امداد اور ایندھن کی فراہمی کیلئے رفح بارڈر کو کھلا رکھنے کا مطالبہ بھی کیا،غزہ کے محکمہ صحت نے ایک بیان میں بتایا ہےکہ اسپتال میں اب بھی 120 زخمیوں کے ساتھ قبل از وقت پیدا ہونے والے متعدد نوزائیدہ بچے بھی موجود ہیں جنہیں منتقل نہیں کیا جاسکتا۔

 حماس کی عسکری شاخ  القسام بریگیڈزنے کہا ہے کہ انہوں نے شہریوں کے قتل عام کے جواب میں تل ابیب پر بمباری کی ہے ، القسام بریگیڈز نے ایک ویڈیو دکھائی جس میں غزہ کے وسطی علاقے میں اسرائیلی قابض فوجیوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا گیا ہے 

القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ کا کہنا ہے کہ کچھ اسرائیلی قیدیوں کی حفاظت پر مامور بریگیڈ سے ان کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے ، ان اسرائیلی قیدیوں کےزندہ رہنے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جاسکتا

 القسام نےغزہ میں مختلف حملوں کے دوران مزید 9اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور دو ٹینکوں کو تبا ہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے جبکہ اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز ہلاک ہونے والے اپنے مزید 5فوجیوں کے نام ظاہر کردیئے ہیں 

حماس کے رہنما اسامہ حمدان نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کے جنوبی علاقوں کومحفوظ قرار دیئے جانے کا جھوٹ بے نقاب ہوگیا ہے۔



متعللقہ خبریں