عالمی پانیوں میں امریکہ ہمارے جہازوں کو پکڑنے سے باز رہے:ایران

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نےامریکہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی پانیوں میں اس کے تیل بردار بحری جہاز کو پکڑنے سے باز رہے

1254567
عالمی پانیوں میں امریکہ ہمارے جہازوں کو پکڑنے سے باز رہے:ایران

ایران نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی پانیوں میں اس کے تیل بردار بحری جہاز کو پکڑنے سے باز رہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے آج  ایک  اخباری کانفرنس میں اپنے تیل بردار بحری جہاز گریس- اوّل کے جبل الطارق سے روانہ ہونے کے بعد یہ انتباہ جاری کیا ہے۔

جہازرانی کے ڈیٹا کے مطابق، ایرانی جہاز یونان کی جانب جارہا تھا۔

برطانوی خود مختار علاقے جبل الطارق کے حکام نے امریکہ کی درخواست پر اس آئل ٹینکر کو مزید تحویل میں رکھنے سے انکار کردیا تھا۔

عباس موسوی نے مزید کہا کہ ایران،برطانیہ کے ایک تیل بردار جہاز کو چھوڑنے کے لیے عدالتی حکم کا منتظر ہے۔

ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب نے کوئی ڈیڑھ ماہ قبل برطانیہ کے پرچم بردار اس تیل بردار جہاز کو آبنائے ہُرمز کے نزدیک پکڑ لیا تھا اور تب سے اپنی تحویل میں رکھا ہوا ہے۔

ان سے جب پوچھا گیا کہ کیا تیل بردار جہاز کے جبل الطارق سے روانہ ہونے کے بعد امریکا دوبارہ اس کو پکڑنے کی درخواست کرسکتا ہے تو انھوں نے کہا کہ اس طرح کی کسی کارروائی سے بین الاقوامی پانیوں اور کھلے سمندروں میں جہاز رانی خطرے سے دوچار ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ امریکی  محکمہ قانون  نے ایران کے تیل بردار سپر ٹینکر گریس -اوّل کی ضبطی کے لیے دو روز قبل وارنٹ جاری کیے تھے۔

اس نے یہ اعلان جبل الطارق کے ایک  عدالتی  فیصلے کے بعد کیا تھا جس میں انھوں نے تحویل میں لیے گئے ایرانی ٹینکر کو چھوڑنے کی اجازت دے دی تھی۔

 

 



متعللقہ خبریں