غزہ کو قابض فورسز کے اسلحے  کی تجربہ گاہ بنائے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی: حماس

اسرائیلی فوج کی طرف سے غزہ  کی پٹّی کے شمال کی طرف کئے گئے دو مختلف فضائی حملوں میں 3 فلسطینی زخمی ہو گئے

786388
غزہ کو قابض فورسز کے اسلحے  کی تجربہ گاہ بنائے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی: حماس

اسرائیلی فوج کی طرف سے غزہ  کی پٹّی کے شمال کی طرف کئے گئے دو مختلف فضائی حملوں میں 3 فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

شفا ہسپتال  کے شعبہ ایمرجنسی   سروس  کے ذمہ دار افسر السبحانی نے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کے غزہ کے شمال میں کئے گئے 2 مختلف فضائی حملوں میں 3 فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں۔

السبحانی نے کہا ہے کہ زخمیوں میں سے ایک کے سر میں گولیوں کے شیل لگے ہیں اور زخمی کی حالت نازک ہے۔

عینی شاہدین نے بھی کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے غزہ کے شمال میں بعض زرعی اراضیوں پر دو راکٹ حملے کئے ہیں جن کے نتیجے میں علاقے کے اطراف کی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

حماس کے ترجمان فیوضی برہوم نے اپنے تحریری بیان میں اسرائیل کے غزہ پر حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ صیہونی بربریت  کے حامل حملوں میں غزہ  میں تحریک مزاحمت کے ٹھکانوں کو قصداً نشانہ بنایا جانا ایک ایسی خطرناک خلاف ورزی ہے کہ جس کے نتائج دشمن کو بھگتنے پڑیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کو قابض فورسز کے اسلحے  کی تجربہ گاہ بنائے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تاہم اسرائیلی فوج کی طرف سے حملے سے متعلق تاحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔

اس دوران اسرائیل کے چینل 2 ٹیلی ویژن نے غزہ کی سرحد پر واقع اسرائیل کے جنوبی شہر آسکالان  میں  ایک راکٹ گرنے کا اعلان کیا ہے۔

خبر کے مطابق راکٹ ایک غیر آباد جگہ پر گرا  ہے اور اس کے نتیجے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

غزہ کے فلسطینی گروپوں میں سے کسی نے مذکورہ راکٹ حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔



متعللقہ خبریں