سعودی عرب، مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات نے قطرسے تمام سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا

سعودی عرب کا پیر کو کہنا تھا کہ یہ اقدام "قومی سلامتی کے تحفظ" کے لیے کیا گیا جب کہ بحرین نے قطریوں پر دہشت گردی کی حمایت اور بحرین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا الزام عائد کیا۔ اس نے قطری شہریوں کو ملک چھوڑنے کے لیے 14 روز کا وقت دیا ہے

745634
سعودی عرب، مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات نے قطرسے تمام سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان  کردیا

خلیج  میں بڑے پیمانے کشیدگی کا سلسلہ جاری ہے۔

سعودی عرب، مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات نے قطر  سے تمام سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر نے قطر کے ساتھ تمام سفارتی، زمینی، فضائی اور سمندری رابطے منقطع کر دیے ہیں۔

سعودی عرب کا پیر کو کہنا تھا کہ یہ اقدام "قومی سلامتی کے تحفظ" کے لیے کیا گیا جب کہ بحرین نے قطریوں پر دہشت گردی کی حمایت اور بحرین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا الزام عائد کیا۔ اس نے قطری شہریوں کو ملک چھوڑنے کے لیے 14 روز کا وقت دیا ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ حکومت نے "بین الاقوامی قانون کے تحت فراہم کردہ اختیار اور قومی سلامتی کو دہشت گردی و انتہا پسندی سے تحفظ دینے کے لیے" قطر کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ کیا۔

بحرین کا کہنا تھا کہ "قطر کی طرف سے بحرین کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے عدم استحکام کی کوششیں جاری رکھنے پر" تعلقات ختم کر دیے گئے ہیں۔

قطر کے تعلقات خطے کی دیگر عرب ریاستوں اور سعودی عرب کے ساتھ گزشتہ کچھ برسوں سے تناو کا شکار چلے آ رہے تھے۔

خلیجی ریاستیں قطر کو ایران اور اخوان المسلمین جیسی اسلامی تحریکوں کے انتہائی قریب سمجھتی ہیں۔

2014ء میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے قطر سے اپنے اپنے سفرا کو واپس بلا لیا تھا جس کی وجہ قطر کی طرف سے اخوان المسلمین کی حمایت تھی۔ اس گروپ کو بعض خلیجی ریاستوں کے شاہی خاندان اپنے اقتدار کے لیے خطرہ قرار دیتے ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ یمن جنگ میں مصروف سعودی اتحاد میں شامل قطر کے فوجی دستوں کو واپس بھیج دیا جائے گا۔

سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ تعلقات ختم کرنے کا فیصلہ دہشت گردی سے لاحق خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے ایک بیان کے مطابق، 'قطر نے خطے کے امن و استحکام کو متاثر کرنے کے لیے مسلم برادرہڈ، داعش اور القاعدہ جیسے دہشت گرد اور فرقہ وارانہ گروپوں کی حمایت کی اور میڈیا کے ذریعے ان کے پیغامات اور اسکیموں کی تشہیر کی'۔

دوسری جانب سعودی عرب نے قطر کے ساتھ سرحد بھی بند کرتے ہوئے دیگر اتحادی ممالک سے بھی قطر سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کی اپیل کی۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق سعودی عرب کی پیروی کرتے ہوئے بعدازاں بحرین، مصر اور متحدہ عرب امارات نے بھی قطر سے سفارتی تعلقات ختم کردیئے۔



متعللقہ خبریں