پہلی بار حج اورعمرے پر آنے والے والوں کو 2 ہزار ریال کی چھوٹ ،سعودی حکومت

سعودی حکومت نے پہلی بارحج وعمرہ کرنے والے غیرملکی مسلمانوں کو سالانہ 2 ارب ریال کا ریلیف فراہم کرنے کی ذمہ داری لی ہے۔

549544
پہلی بار حج اورعمرے پر آنے والے والوں کو 2 ہزار ریال کی چھوٹ ،سعودی حکومت

 

سعودی حکومت نے پہلی بار حج اور عمرے پر آنے والے والوں کو خصوصی ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت عازمین کو فی کس 2 ہزار ریال تک کی چھوٹ دی جائے گی۔

سعودی عرب کی طرف سے پہلی بار حج وعمرہ پر آنے والے عازمین کو ٹرانسپورٹ، صحت سمیت دیگر شعبوں میں اضافی اخراجات سے استثناء فراہم کیا گیا ہے اور اس طرح سعودی حکومت نے پہلی بارحج وعمرہ کرنے والے غیرملکی مسلمانوں کو سالانہ 2 ارب ریال کا ریلیف فراہم کرنے کی ذمہ داری لی ہے۔

حال ہی میں سعودی کابینہ نے ویزہ فیسوں کے نئے شیڈول کا اعلان کیا جس میں پہلی بار حج اور عمرہ پرآنے والوں کو فی کس 2 ہزار ریال کی فیس کی چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا اور اس حوالے سے آئندہ سال 10 لاکھ نئےعازمین حج وعمرہ کے حجاز مقدس آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ حکومتی تخمینے کے مطابق اگرایک سال میں ایک ملین نئے عازمین حج وعمرہ سعودی عرب آتے ہیں تو حکومت کو ان کے حصے میں آنے والی مجموعی رقم 2 ارب ریال ادا کرنا ہوگی۔

 دریں اثناء سعودی عرب کے حکام نے غیر ملکی عازمین حج کی صحت کی نگرانی کیلئے 15 داخلی مقامات پر ٹیمیں تعینات کر دی ہیں۔ وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا  ہے کہ رواں سال حج کیلئے آنیوالے غیر ملکی زائرین کی صحت کی نگرانی کیلئے 15مقامات پر مانیٹرنگ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں ۔ان ٹیموں کی تعیناتی فضائی ، زمینی اور سمندری داخلی مقامات پر کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی عازمین کی آمد پر ضروری ویکسی نیشن کے حوالے سے جانچ کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر ویکسی نیشن نہ کرانے والے عازمین کو متعلقہ بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سعودی سفارتخانے اور مشنز نے پہلے سے ہی متعلقہ ممالک کو یہ تجاویز پہنچا دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کو زرد بخار، سرسام ، پولیو، انفلوئنزا اور دیگر مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے لازمی لگوانے چاہئیں۔



متعللقہ خبریں