داعش کی رمضان اسکیم: مقابلہ جیتئے لونڈی پائیے

داعش نے خواتین کی عزت و ناموس کے تحفظ کے بجائے انہیں دنیا کا مال واسباب بنا رکھا ہے جہاں انہیں نہ صرف کھلے عام فروخت کیا جاتا ہے بلکہ انہیں انعامی مقابلوں میں تقسیم کیا جاتا ہے

335718
داعش کی رمضان اسکیم: مقابلہ جیتئے لونڈی پائیے

شام اور عراق میں سرگرم تنظیم دولت اسلامیہ برائے عراق و شام جہاں یرغمال بنائی گئی غیرمسلم خواتین کو فرسودہ طریقوں کے تحت لونڈیاں بنانے اور انہیں فروخت کرنے کا ظالمانہ طریقہ اپنائے ہوئے ہے وہیں حال ہی میں پتہ چلا ہے کہ داعش کے جنگجووں کی جانب سے ماہ صیام کے مختلف مقابلوں میں بھی خواتین کو انعامات کے طورپر بانٹا جا رہا ہے۔
خبر کے مطابق مصرکے تحقیقاتی ادارے نے خواتین کے ساتھ داعش کے ہاتھوں ہونے والے اس غیرانسانی سلوک سے پردہ اٹھایا ہے۔
فتاویٰ کونسل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ داعش نے خواتین کی عزت و ناموس کے تحفظ کے بجائے انہیں دنیا کا مال واسباب بنا رکھا ہے جہاں انہیں نہ صرف کھلے عام فروخت کیا جاتا ہے بلکہ انہیں انعامی مقابلوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
حال ہی میں پتہ چلا ہے کہ شام میں داعش کے جنگجووں نے ماہ رمضان کی مناسبت سے تحفیظ القرآن کے مقابلوں کا اہتمام کیا۔
ان مقابلوں میں اول، دوم اور سوم آنے والوں کے لیے خواتین لونڈیوں کے انعامات رکھے گئے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ "داعش" نہ صرف غیر مسلم اقلیتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کی خرید وفروخت کررہی ہے بلکہ تنظیم کے نظریات کی نفی کرنے اور فرار کی کوشش کے دوران پکڑی جانے والی خواتین کو بھی لونڈیوں کے طورپر بیچا جاتا ہے اور ان کے بدلے میں حاصل ہونے والی رقم کو تنظیم کے سرکاری امور میں صرف کیا جاتا ہے۔
مصر کے افتاء کونسل نے دولت اسلامی کے اس غیرشرعی طرز عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کی خریدو فروخت چاہے وہ جس مقصد کے لیے اور جس شکل میں بھی غیر شرعی اور غیر اسلامی ہے۔ خواتین کوفروخت کرنا اور انہیں انعامی مقابلوں میں تقسیم کرنا صنف نازک کی عزت و ناموس کی کھلی توہین ہے جس کا اسلام میں قطعا کوئی جواز نہیں ہے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں