یمن میں سعودی قیادت میں فوجی کاروائی کے خاتمے کا اعلان

ترجمان سعودی افواج بریگیڈیئر احمد العصیری کا کہنا تھا کہ یمن میں سیز فائر نہیں بلکہ آپریشن یمن کے صدر منصور ہادی کی درخواست پر ختم کیا گیا ہے

244961
یمن میں سعودی قیادت میں فوجی کاروائی کے خاتمے کا اعلان

سعودی فوجی ترجمان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان سعودی افواج بریگیڈیئر احمد العصیری کا کہنا تھا کہ یمن میں سیز فائر نہیں بلکہ آپریشن یمن کے صدر منصور ہادی کی درخواست پر ختم کیا گیا ہے تاہم مستقبل میں کسی بھی بحرانی صورتحال کے نتیجے میں یمن میں مزید فوجی کاروائی کا متبادل تاحال موجود ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی فوج یمن میں حوثی قبائل کےمخالف گروہوں کی مددکرنے پر غور کررہی ہے جبکہ یمن میں انتہائی خطرناک اہداف کو تباہ کر دیا ہے اور اب ایک نئے آپریشن کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فضائی حملوں سےسعودی عرب کو لاحق خطرات ختم کردیئے گئے ہیں۔
اس سے قبل ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین عامر نے کہا تھا کہ انہیں امید ہے کہ یمن میں جلد جنگ بندی کا اعلان کردیا جائے گا۔
ایران متعدد مرتبہ سعودی عرب کی جانب سے اس کارروائی کو روکنے کا مطالبہ کرچکا ہے تاہم سعودی عرب اور اتحادی ممالک نے ایران کے اس مطالبے کو مسترد کیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ ایران حوثیوں کی مدد کررہا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب تقریباً ایک ماہ سے یمن کے حوثی قبائل کے خلاف کارروائی میں مصروف تھا۔
سعودی عرب نے پاکستان سے یمن میں کارروائی کے سلسلے میں فوجی مدد طلب کی تھی جس سے پاکستان کافی دباؤ میں آگیا تھا۔ لیکن پاکستانی پارلیمنٹ مینےسعودی عرب کے مطالبے کو نظر انداز کیا اور حکومت کو مذکورہ معاملے میں غیر جانبدار رہنے کا مشورہ دیا۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق حملوں میں اب تک نو سو چوالیس افراد ہلاک جبکہ 3 ہزار 487 زخمی ہوچکے ہیں۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں