عراق:مالکی نے حیدر العبادی کی نامزدگی مسترد کر دی

عراق کے موجودہ وزیراعظم نوری المالکی نے صدر فواد معصوم کی جانب سے نامزد کیے گئے وزیراعظم حیدر العبادی کو مسترد کردیا ہے جس کے بعد خانہ جنگی کا شکار ملک مزید بحران کا شکار ہوگیا ہے

87844
عراق:مالکی نے حیدر العبادی کی نامزدگی مسترد کر دی

عراق کے موجودہ وزیراعظم نوری المالکی نے صدر فواد معصوم کی جانب سے نامزد کیے گئے وزیراعظم حیدر العبادی کو مسترد کردیا ہے جس کے بعد خانہ جنگی کا شکار ملک مزید بحران کا شکار ہوگیا ہے۔
نوری المالکی کی جماعت دعوہ کے ایک رہنما خلاف عبدالصمد نے سرکاری ٹیلی ویژن پر ایک بیان میں کہا ہے کہ نامزد وزیراعظم حیدرالعبادی اپنی ہی نمائندگی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ المالکی تیسری مدت کے لیے عراق کا وزیراعظم بننا چاہتے ہیں حالانکہ اب کرد اور سنی سیاست دانوں اور شیعہ مذہبی قائدین کے علاوہ امریکہ بھی ان کی کھلم کھلا مخالفت کررہا ہے لیکن وہ اس سب کے باوجود برسراقتدار رہنے پر مُصر ہیں اور حکومت چھوڑنے کو تیار نہیں۔
انھوں نے گزشتہ روز صدر فواد معصوم کی جانب سے عراقی قومی اتحاد کے حیدرالعبادی کو نیا وزیراعظم نامزد کیے جانے کے بعد دارالحکومت بغداد میں جنگجووں اور خصوصی دستوں کو تعینات کردیا ہے جس سے خطرناک سیاسی محاذ آرائی کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔
عراق میں امریکی سفیروں کے مشیر اور ایک سابق عہدے دار علی خضری نے بھی اطلاع دی ہے کہ نوری المالکی نے بغداد کے انتہائی محفوظ ترین علاقے گرین زون کو سیل کردیا ہے۔
یاد رہے کہ اس علاقے میں غیرملکی سفارت خانے اور دیگر اہم سرکاری دفاتر واقع ہیں۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں