داعش کے عسکریت پسندوں پر مزید 5 فضائی حملے

پیش مرگوں نے امریکی فضائی حملے کی مدد سے ایربیل کے جنوبی مغرب میں مخمور اور گویر کے قصبوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے

87508
داعش کے عسکریت پسندوں پر مزید 5 فضائی حملے

امریکی فورسز نے کل عراق میں داعش تنظیم کے عسکریت پسندوں پر مزید 5 فضائی حملے کئے۔
پیش مرگوں نے امریکی فضائی حملے کی مدد سے ایربیل کے جنوبی مغرب میں مخمور اور گویر کے قصبوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
پیش مرگے اس وقت تک داعش کے مقابل پس قدمی کر رہے تھے لیکن اس کاروائی سے انہیں پہلی دفعہ سنجیدہ سطح پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
داعش نے پیش مرگوں کی پیش رفت کا جواب خود کش حملوں سے دیا ہے۔
اطلاع کے مطابق داعش کے ایک عسکریت پسند نے بغداد کے شمال مشرق میں جالاولا کے قصبے پر حملہ کرنے والے پیش مرگوں پر خود کش بم حملہ کیا۔
حملے کے نتیجے میں10 پیش مرگے ہلاک اور 80 زخمی ہو گئے ہیں۔
تاہم سنجار پہاڑ سے خون کو منجمد کر دینے والی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
عراق کے انسانی حقوق کے وزیر نے کہا ہے کہ داعش نے یزیدی فرقے کے 500 افراد کو ہلاک کر دیا ہے، عورتوں اور بچوں سمیت بعض افراد کو زندہ دفن کر دیا ہے اور 300 یزیدی عورتوں کو اغوا کر لیا گیاہے۔
پہاڑ پر محصور رہ جانے والے ہزاروں یزیدیوں کے لئے امریکہ جمعرات کے دن سے ہوا سے خوراک کے پیکٹ گرا رہا ہے۔
داعش کے حملوں کی وجہ سے کھلنے والے کوریڈور سے اس وقت تک 20 ہزار افراد فرار ہو کر خود کو بچانے میں کامیاب ہوئے ہیں لیکن ہزاروں افراد ابھی تک داعش کے محاصرے میں آئے ہوئے پہاڑوں پر انہیں بچانے والوں کے منتظر بیٹھے ہیں۔
جن افراد کو بچایا گیا ہے وہ شام کے راستے دوبارہ سے عراق کے کُرد علاقے میں داخل ہو گئے ہیں۔
فرانس کے بھیجے گئے 18 ہزار ٹن امدادی سامان کے ساتھ فرانس کے وزیر خارجہ لارنٹ فابئیس نے ایربیل کا دورہ کیا اور عراقی کردوں سے دہشت گردی کے خلاف جدو جہد میں آگے بڑھنے کی اپیل کی ہے۔
فابئیس نے کہا کہ ہم علاقائی کرد انتظامیہ کی انسانی امداد کریں گے لیکن اسلحے کی امداد نہیں کریں گے۔
تاہم کُرد انتظامیہ کے رہنما مسعود بارزانی نے داعش کے پاس جدید ہتھیاروں کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے اسلحے کا مطالبہ کیا ہے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں